مہاراشٹر: دھولے میں دردناک حادثہ، دو کاروں کو ٹکر مار کر ڈھابے میں گھس گیا ٹرک، حادثہ میں 9 افراد کی موت

پولیس انسپکٹر سریش شرساٹ نے بتایا کہ ٹرک کا بریک فیل ہو گیا اور اس نے کنٹرول گنوا دیا تو اس نے ڈھابے کے باہر کھڑی دو کاروں میں ٹکر مار دی اور پھر سیدھے ڈھابے کے اندر جا گھسا۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے دھولے میں منگل کے روز ایک کنٹینر ٹرک نے دو گاڑیوں کو ٹکر مار دی اور سڑک کنارے واقع ڈھابے اور بس اسٹاپ سے جا ٹکرایا۔ اس سے کم از کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی اور 25 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ ایک افسر نے یہ جانکاری دی۔

موقع پر موجود پولیس انسپکٹر سریش شرساٹ نے بتایا کہ یہ خوفناک حادثہ دوپہر میں پلاسنیر گاؤں کے پاس ہوا جب سیمنٹ سے لدے ٹرک کا بریک فیل ہو گیا اور اس نے کنٹرول گنوا دیا۔ ٹرک نے ڈھابے کے باہر کھڑی دو کاروں میں ٹکر مار دی اور پھر سیدھے سڑک پر بس اسٹاپ کے پاس ڈھابے کے اندر جا گھسا۔


شرساٹ نے کہا کہ مہلوکین میں بس اسٹاپ پر انتظار کر رہے دو نابالغ اسکولی بچے اور ٹرک کی زد میں آئی کاروں میں سوار دو لوگ بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں تین کی حالت ’سنگین‘ بتائی گئی ہے اور اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ حادثہ اس وقت ہوا جب ٹرک مدھیہ پردیش سے دھولے کی طرف جا رہا تھا۔ سینئر افسران جانچ کے لیے جائے حادثہ پر پہنچے اور سڑک کو معمول کے ٹریفک کے لیے صاف کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔