سکم میں تیز بارش کے سبب اندوہناک حادثہ، لینڈ سلائڈ میں بہہ گئے کئی مزدور

جمعہ کی صبح تیز بارش کی وجہ سے ممکھولا میں کئی بولڈر گر گئے اور اس دوران یہاں کا کیمپ بھی بہہ گیا، اس واقعہ میں مجموعی طور پر 8 مزدور کے بہہ جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

سکم کے ممکھولا میں زمین کھسکنے (لینڈ سلائڈ) کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں سیوک-رنگپو ریل پروجیکٹ پر کام کر رہے کئی مزدور بہہ گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ریل پروجیکٹ پر کام کے دوران تیز بارش کا اثر دیکھنے کو ملا اور لینڈ سلائڈ کی وجہ سے غار میں کام کر رہے کئی مزدور پھنس گئے۔

واقعہ جمعہ کی صبح کا ہے جب تیز بارش کی وجہ سے کئی بولڈر گر گئے اور اس دوران یہاں کا کیمپ بھی بہہ گیا۔ اس واقعہ میں مجموعی طور پر 8 مزدور کے بہہ جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے تین مزدوروں کو بہ حفاظت باہر نکال لیا ہے اور انھیں مقامی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ سیوک-رنگپو ریل پروجیکٹ میں کام کر رہے ایک مزدور کی علاج کے دوران موت کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ مہلوک مزدور نیپالی باشندہ بتایا جا رہا ہے۔


خبروں کے مطابق اسپتال میں داخل دو مریضوں کی حالت اب بھی سنگین بنی ہوئی ہے اور لینڈ سلائڈ کی وجہ سے پھنسے دیگر 5 مزدوروں کو تلاش کرنے کے لیے پولیس سرچ آپریشن چلا رہی ہے۔ پولیس ٹیم جائے واردات پر پہنچ چکی ہے اور حالات پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس درمیان سکم کے الگ الگ حصوں میں لینڈ سلائڈ کے واقعات سے ٹریفک جام کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ پولیس کے ذریعہ لوگوں سے شاہراہوں پر نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے اور ٹریفک کو معمول پر لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔