ٹریکٹر پریڈ تشدد: دہلی پولس نے باغپت کے 9 کسان لیڈروں کو بھیجا نوٹس!

آر ایل ڈی کے سابق رکن اسمبلی ویرپال راٹھی اور کھاپ تھامبا کے چودھری برج پال سنگھ کو دہلی پولس کا نوٹس ملا ہے۔ نوٹس ملنے کے بعد چودھری برج پال سنگھ اور آر ایل ڈی لیڈروں میں غصہ کی لہر پھیل گئی ہے۔

ٹریکٹر ریلی / UNI
ٹریکٹر ریلی / UNI
user

تنویر

یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں کسانوں نے جو ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی، اس دوران ہوئے تشدد کو لے کر دہلی پولس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ دہلی پولس نے اتر پردیش میں باغپت کے 2 کسان لیڈروں سمیت 9 لوگوں کو نامزد کرتے ہوئے نوٹس بھیجا ہے۔ آر ایل ڈی کے سابق رکن اسمبلی ویرپال راٹھی اور کھاپ تھامبا کے چودھری برج پال سنگھ کو دہلی پولس کا نوٹس ملا ہے۔ نوٹس ملنے کے بعد چودھری برج پال سنگھ اور آر ایل ڈی لیڈروں میں غم و غصہ کی لہر پھیل گئی ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کھاپ چودھری نے پولس کارروائی کے خلاف دوبارہ پھر سے پنچایت کرنے کی بات کہی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے خود کو بے قصور بھی بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں ہوئے تشدد سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ کھاپ چودھری کے مطابق وہ دہلی ٹریکٹر پریڈ میں شامل بھی نہیں ہوئے تھے، لیکن دہلی پولس نے ان کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ اس نوٹس میں سبھی کو دہلی پہنچ کر تشدد معاملے کو لے کر بیان درج کرانے کی بات لکھی ہوئی ہے۔


دراصل باغپت کے بھی کئی کسان زرعی قوانین کے خلاف دہلی میں نکلی ٹریکٹر پریڈ میں بڑی تعداد میں شامل ہوئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی میں ہوئے تشدد کو لے کر اب دہلی پولس نے باغپت کے لوگوں کو بھی نوٹس بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ تشدد میں نامزد کرتے ہوئے دہلی پولس نے سابق رکن اسمبلی ویرپال راٹھی اور کھاپ چودھری برج پال سنگھ سمیت 9 لوگوں کو نوٹس بھیجا ہے اور تمام لوگوں سے دہلی پہنچ کر اپنے بیان درج کرانے کی بات لکھی ہے۔ نوٹس ملنے کے بعد کسان لیڈر اور کھاپ چودھری خفا ہیں اور انھوں نے کہا ہے کہ بہت جلد کسانوں کی پنچایت بلائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔