دہلی این سی آر میں زہریلی فضا برقرار، کئی علاقوں میں اے کیو آئی 600 کے پار؛ آئندہ دنوں میں مزید بگاڑ کا امکان

دہلی اور این سی آر میں آلودگی خطرناک سطح پر، متعدد علاقوں میں اے کیو آئی 600 سے زیادہ ریکارڈ۔ کم ہوتی ہوا کی رفتار اور بڑھتی سردی کے سبب آئندہ دنوں میں حالات مزید خراب ہونے کا امکان ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی-این سی آر میں شدید آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی اور این سی آر میں زہریلی ہوا نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ سردی میں اضافہ اور ہوا کی رفتار میں نمایاں کمی کے باعث آلودگی کی شدت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ جمعہ کی صبح دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، گڑگاؤں اور فرید آباد سمیت پورا خطہ گہرے سموگ کی تہہ میں ڈوبا ہوا نظر آیا۔ صورتحال اس قدر خراب ہے کہ گریپ-4 جیسے سخت اقدامات بھی نمایاں اثر دکھانے میں ناکام رہے ہیں اور شہری بدستور خطرناک آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔

جمعہ کے روز غازی آباد ملک کا سب سے زیادہ آلودہ شہر رہا، جب کہ دہلی کے کئی مقامی اسٹیشنوں پر اے کیو آئی 600 کے پار پہنچ گیا۔ آنند وہار میں یہ سطح 620، جہانگیرپوری میں 583 اور بہادرگڑھ میں 550 ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح لونی، روہنی اور نوئیڈا سیکٹر-116 بھی مسلسل ’خطرناک‘ زمرے میں برقرار ہیں۔ حالانکہ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کے بڑے اسٹیشنوں پر 24 گھنٹوں کا اوسط اے کیو آئی تقریباً 400 کے آس پاس رہا، مگر کئی ریئل ٹائم ریڈنگز اس سے کہیں زیادہ بگڑی ہوئی صورت حال دکھا رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مسلسل آٹھویں دن اوسط اے کیو آئی 391 ریکارڈ ہوا، جو ’بہت خراب‘ کیٹیگری میں آتا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو یہ 392، منگل کو 374 اور پیر کو 351 رہا۔


وزارتِ ارضیاتی علوم کے ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں دہلی کی فضا مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بڑھتی سردی، رات کے وقت کم درجہ حرارت، دھند کا غلبہ اور ہَوا کی کم رفتار آلودہ ذرات کے زمین کے قریب جماؤ کی وجہ بنتی ہے، جس سے آلودگی مزید گہری ہوتی جاتی ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو بھی فضا میں کوئی بہتری متوقع نہیں بلکہ شہریوں کو مزید بُری ہوا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق اگلے چھ دنوں تک فضا ’بہت خراب‘ سے ’خطرناک‘ زمرے کے بیچ رہنے کا امکان ہے۔

سی پی سی بی کے سمیر ایپ کے مطابق دہلی کے 38 فعال مانیٹرنگ اسٹیشنوں میں سے 18 نے اے کیو آئی کو ’سنگین‘ کیٹیگری میں ریکارڈ کیا۔ چاندنی چوک، ڈی ٹی یو، بوانا، آنند وہار، منڈکا، نریلا اور وزیرپور میں سطح 400 سے اوپر رہی۔ دہلی کے سب سے آلودہ مقامات میں اشوک وہار (411)، بوانا (431)، بُراڑی کراسنگ (404)، ڈی ٹی یو (419)، جہانگیرپوری (433)، روہنی (438)، سری فورٹ (406)، وِویک وہار (424) اور وزیرپور (468) شامل رہے۔


این سی آر کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ فرید آباد میں اے کیو آئی 255، گڑگاؤں میں 302، نوئیڈا میں 408 اور گریٹر نوئیڈا میں 380 ریکارڈ ہوا۔ غازی آباد میں اوسط سطح 430 سے زیادہ رہی اور تمام اسٹیشنوں پر پی ایم 10 کی مقدار خطرناک حد 400 سے اوپر رہی۔ ماہرین کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں بند ہونے کے باوجود آلودگی میں کمی نہ ہونے کی بڑی وجہ ہوا کا رک جانا ہے، جو اگلے دو سے تین دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ماسک کا استعمال جاری رکھیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔