گیان واپی میں وضو خانہ کو سیل کرنے کے بعد آج دوسرا جمعہ، کمیٹی کی اپیل- 'نمازی کم تعداد میں آئیں'

گیان واپی کیس میں وضو خانہ کو بند کئے جانے کے بعد آج دوسرا جمعہ ہے، مسجد کمیٹی نے لوگوں سے کم سے کم تعداد میں مسجد کے احاطے میں آنے کی اپیل کی ہے اور اپنے گھروں میں نماز پڑھنے کو کہا ہے

وارانسی کی گیان واپی مسجد / تصویر آئی اے این ایس
وارانسی کی گیان واپی مسجد / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وارانسی: گیان واپی مسجد میں وضو خانہ کو سیل کرنے کے بعد آج مسجد کمیٹی نے نمازیوں سے نماز جمعہ میں کم تعداد میں آنے کو کہا ہے۔ دریں اثنا، ہندو فریق نے مسجد کمیٹی کے خلاف مندر کو نقصان پہنچانے کے لیے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ادھر، گیان واپی تنازعہ میں وارانسی کی ضلع عدالت میں پیر 30 مئی کو سماعت کرے گی۔ اس سے قبل جمعہ کی نماز کی وجہ سے گیان واپی کیمپس میں ہلچل نظر آ رہی ہے۔

آج نمازِ جمعہ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گیان واپی مسجد کے احاطے میں نہ تو وضو خانہ کھلا ہوا ہے اور نہ ہی بیت الخلا۔ عدالت کے حکم کے بعد وضو خانہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ لہذا مسجد کی انجمن انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے نمازیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں نماز کے لیے آنے سے گریز کریں۔


خیال رہے کہ مسلم فریق گیان واپی کمپلیکس کے وضو خانہ کے تالاب میں شیولنگ برآمد ہونے کے دعوے کو یہ کہہ کر مسترد کر رہا ہے کہ یہ ایک فوارہ ہے۔ اس تنازع پر عدالت نے وضو خانہ کو سیل کر دیا۔ ہندو رہنما سادھوی پراچی نے فوارے کے دعوے پر طنز کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ 400 سال پہلے جب بجلی نہیں تھی تو کیا فوارہ ہوا کرتا تھا!

دریں اثنا، گیان واپی معاملے میں ہندو فریق راکھی سنگھ اور کرن سنگھ کے رشتہ دار جتیندر سنگھ بسین نے وارانسی کے چوک پولیس اسٹیشن میں مسجد کی انجمن انتظامیہ کمیٹی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ اس شکایت میں قانونی طریقوں سے کاشی وشوناتھ کمپلیکس کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد گیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔