2000 روپے کا نوٹ بدلنے کی آج آخری تاریخ، اب بھی نہیں بدلوایا تو پھر بچے گا صرف ایک راستہ!

آر بی آئی کے مطابق یکم اکتوبر سے 2000 روپے کے بینک نوٹ کی قدر ختم ہو جائے گی اور یہ کاغذ کا صرف ایک ٹکڑا تصور کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اگر آپ کے پاس 2000 روپے کا نوٹ ہے تو پھر اسے آج ہی بینک میں جا کر بدلوا لیجیے، کیونکہ آج 30 ستمبر ہے اور آر بی آئی نے 2000 روپے کا نوٹ بدلنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہی رکھی تھی۔ آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) کے مطابق یکم اکتوبر سے 2000 روپے کے بینک نوٹ کی قدر ختم ہو جائے گی اور یہ صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا تصور کیا جائے گا۔ سنٹرل بینک کے ذریعہ 2000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کے اعلان کے چار ماہ بعد اب نوٹ بدلنے کی تاریخ آج ختم ہو رہی ہے۔

آپ کے ذہن میں یہ سوال ہوگا کہ اگر کسی وجہ سے آج بینک میں 2000 روپے کے نوٹ جمع نہیں کرایا جا سکے تو پھر آگے کیا صورت ہوگی؟ تو آپ جان لیں کہ اگر آج آپ نے 2000 روپے کے نوٹ قریبی بینک برانچ میں نہیں بدلوائے تو پھر صرف ایک راستہ آپ کے سامنے ہوگا۔ 30 ستمبر 2023 کے بعد ان نوٹوں کو صرف آر بی آئی سے بدلا جا سکتا ہے۔ لیکن آپ کے لیے سب سے آسان یہی ہے کہ آپ آج اپنے قریبی بینک برانچ میں جا کر 2000 روپے کے نوٹ بدل لیں۔


قابل ذکر ہے کہ 30 ستمبر تک 2000 روپے کے نوٹ آر بی آئی کے 19 علاقائی دفاتر یا کسی بھی نزدیک بینک برانچ میں بدلے جا سکتے ہیں۔ اپنے نزدیکی بینک یا آر بی آئی کے کسی بھی علاقائی دفتر میں جائیں۔ 2000 روپے کے نوٹ بدلنے یا جمع کرنے کے لیے فارم بھریں۔ آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ووٹر شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا نریگا کارڈ جیسے دستاویز پر درج اپنے خصوصی شناختی نمبر سمیت اپنی تفصیل بھریں۔ آپ یہ بھی بتائیں کہ آپ کتنا نوٹ جمع کریں گے۔ خاص طور سے ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 20 ہزار روپے قدر کے 2000 روپے کے نوٹ ہی ایک دن میں بدلے جا سکتے ہیں۔

بہرحال، آر بی آئی نے یکم ستمبر کو کہا تھا کہ مئی سے اب تک تقریباً 93 فیصد کرنسی نوٹ بینکنگ سسٹم میں واپس آ چکے ہیں۔ بینکوں سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 31 اگست 2023 تک چلن سے واپس آئے 2000 روپے کے بینک نوٹوں کی مجموعی قدر 3.32 لاکھ کروڑ روپے تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔