’او پی ایس-این پی ایس‘ کا جھگڑا ختم کرنے کے لیے مودی حکومت لائی ’یو پی ایس‘، یکم اپریل 2025 سے ہوگا نفاذ

حکومت نے کہا کہ اگر کسی ملازم نے کم از کم 25 سال تک کام کیا ہے تو ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری 12 ماہ کی اوسط تنخواہ کا کم از کم 50 فیصد پنشن کی شکل میں ملے گا۔

<div class="paragraphs"><p>اے آئی ڈی ای ایف، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

اے آئی ڈی ای ایف، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت نے آج سرکاری ملازمین کے لیے پنشن اسکیم کے تعلق سے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ’یو پی ایس‘ (یونیفائیڈ پنشن اسکیم) کا اعلان کر دیا ہے۔ آج ہوئی کابینہ میٹنگ میں ’او پی ایس‘ (اولڈ پنشن اسکیم) اور ’این پی ایس‘ (نیو پنشن اسکیم) کے تعلق سے بات چیت ہوئی اور ’او پی ایس-این پی ایس‘ جھگڑے کو ختم کرنے کی کوشش میں ایک نئی پنشن اسکیم یعنی ’یو پی ایس‘ پر مہر لگا دی گئی۔ اس نئی پنشن اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے کہا کہ جو ملازم کم از کم 25 سال تک ملازمت کرے گا اسے یو پی ایس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ یو پی ایس اسکیم سے 23 لاکھ مرکزی ملازمین کو فائدہ ہوگا اور اس کو یکم اپریل 2025 سے نافذ کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ میں ہوئے فیصلوں سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 10 سال ملازمت کرنے والے کو 10 ہزار روپے کی پنشن ملے گی۔ ملازمت کے دوران ملازمین کی موت ہو جاتی ہے تو ان کی بیویوں کو 60 فیصد پنشن دی جائے گی۔ حکومت نے ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ اس کے فیصلے کو ریاستی حکومتیں بھی نافذ کر سکتی ہیں۔ اس اسکیم میں ملازمین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔


حکومت نے اس اسکیم کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ملازم نے کم از کم 25 سال تک ملازمت کی ہے تو ریٹائرمنٹ سے قبل آخری 12 ماہ کی اوسط تنخواہ کا کم از کم 50 فیصد پنشن کی شکل میں ملے گا۔ اگر کسی پنشن حاصل کرنے والے کی موت ہوتی ہے تو اس کے کنبہ کو موت کے وقت ملنے والی پنشن کا 60 فیصد حصہ ملے گا۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے یہ بھی مطلع کیا کہ سبھی این پی ایس والوں کو یو پی ایس میں جانے کا متبادل ملے گا۔ یہ ان سبھی پر نافذ ہوگا جو این پی ایس کی ابتدا سے ہی اس کے تحت سبکدوش ہوئے ہیں یا سبکدوش ہونے والے ہیں۔ حکومت اس کے لیے باقاعدہ ایریئر کی ادائیگی کرے گی۔ جو ملازمین 2004 سے ریٹائر ہوئے ہیں، ان کو بھی اس کا فائدہ ملے گا۔

یونیفائیڈ پنشن اسکیم (یو پی ایس) کو منظوری ملنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ان سبھی سرکاری ملازمین کی سخت محنت پر فخر ہے جو ملک کی ترقی میں اہم تعاون دیتے ہیں۔ یونیفائیڈ پنشن اسکیم سرکاری ملازمین کے لیے احترام اور فنانشیل سیکورٹی یقینی کرتی ہے، جو ان کی بھلائی اور محفوظ مستقبل کے تئیں ہمارے عزائم کی عکاس ہے۔ پی ایم مودی نے سرکاری ملازمین کی اقتصادی سیکورٹی کو حکومت کا فریضہ بھی قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔