مغربی بنگال میں ممتا اور گورنر آمنے سامنے، بجٹ اجلاس میں ترنمول گورنر کے خلاف قرارداد لائے گی

ممتا بینرجی نے الزام لگایا کہ آئینی کام میں تعاون کرنے کے بجائے گورنر بے لگام بیان بازی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ریاستی حکومت کے کام کاج پر مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مغربی بنگال کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے اب گورنر جگدیپ دھنکر کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس سے پہلے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ورچوئل میڈیم کے ذریعے پارٹی کے تمام ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔میٹنگ میں پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سدیپ بنرجی، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور قومی ترجمان ڈیرک اوبرائن کے علاوہ، ممتا کے بھتیجے اور ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی اور پارٹی کے دیگر ممبران پارلیمنٹ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پارٹی ممبران پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں گورنر جگدیپ دھنکر کے خلاف قرارداد پیش کریں۔ وزیرا علیٰ نے الزام لگایا کہ آئینی کام میں تعاون کرنے کے بجائے گورنر بے لگام بیان بازی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ریاستی حکومت کے کام کاج پر مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔ اس سے پورے ملک میں غلط پیغام جا رہا ہے۔ اس لیے ان کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک پیش کی جائے گی۔ اس کے ذریعے پارٹی قومی سطح پر یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ گورنر مرکز کے نمائندے کے طور پر ریاستی نظام میں تعاون کرنے کے بجائے رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔


اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کرے گی۔ وہ خود اکھلیش یادو کے حق میں انتخابی مہم چلانے یوپی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ترنمول کانگریس گوا میں اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی۔ ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں ممتا نے دعویٰ کیا ہے کہ گوا میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملے گی۔ ایک معلق اسمبلی ہو سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکرکے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یوم جمہوریہ پر دونوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کے بعد کوئی بات نہیں کی۔ اس کے علاوہ گورنر ٹویٹر کے ذریعے ممتا بنرجی کو ٹیگ کرتے ہوئے آئے روز کئی سنگین الزامات لگا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔