’بنگلہ‘ کو بنگلہ دیشی زبان بتانے پر ٹی ایم سی کا شدید اعتراض، دہلی پولیس سے بلا شرط معافی کا مطالبہ

ترنمول نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بنگالیوں کے تئیں بی جے پی کی نفرت کی کوئی حد نہیں ہے۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں بنگالی بولنے والے لوگوں کو بار بار پریشان کیا جا رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی /&nbsp; تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بنگلہ زبان بولنے والوں کو مبینہ طور پر بنگلہ دیشی قرار دیے جانے کے خلاف ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ بنگالیوں اور بنگلہ زبان کی توہین کی جا رہی ہے۔ بنگلہ زبان بولنے کی وجہ سے بنگالی لوگوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اب ترنمول کانگریس نے دہلی پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے بنگلہ کو بنگلہ دیشی زبان قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دہلی پولیس سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دہلی پولیس کے ذریعہ لکھے گئے ایک خط کو پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں ترنمول کانگریس نے لکھا کہ ’’بنگالیوں کے تئیں بی جے پی کی نفرت کی کوئی حد نہیں ہے۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں بنگالی بولنے والے لوگوں کو بار بار پریشان کیا جا رہا  ہے اور انہیں حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اب بنگلہ کو آفیشیل طور پر ’بنگلہ دیشی زبان‘ قرار دیا گیا ہے۔ ہر حد پار کر لی گئی ہے۔‘‘ پوسٹ میں آگے لکھا گیا کہ ’’یہ کوئی کتابتی غلطی نہیں ہے۔ یہ جان بوجھ کر کی گئی توہین ہے، آئینی طور پر تسلیم شدہ ہندوستانی زبان سے اس کی شناخت چھیننے اور لاکھوں بنگالی زبان بولنے والے ہندوستانیوں کو اپنے ہی ملک میں باہر کے لوگوں کے طور پر پیش کرنے کی ایک سرکاری کوشش ہے۔‘‘


ٹی ایم سی نے لکھا کہ ’’دنیا کے 25 کروڑ سے زائد لوگ بنگالی زبان بولتے ہیں اور یہ ہندوستان کی 22 سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔ اسے ’بنگلہ دیشی‘ کہنا جان بوجھ کر کیا گیا توہین ہے، اس زبان کو غیر قانونی قرار دینے، اس کی ہندوستانی جڑوں کو مٹانے اور بنگالی بولنے والوں کو باہری قرار دینے کی ایک مذموم کوشش ہے۔‘‘ ساتھ ہی ٹی ایم سی نے پوسٹ کی اخیر میں لکھا کہ ’’ ہم بلا شرط معافی، فوری اصلاح اور اس ذلت آمیز فعل کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

ترنمول کانگریس نے ’ایکس‘ پوسٹ پر دہلی پولیس کے خط کے متنازعہ حصوں کو نمایاں کیا ہے۔ جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دہلی پولیس نے لکھا ہے کہ انہیں ایک مترجم کی ضرورت ہے، جو بنگلہ دیشی زبان کا ترجمہ کر سکتا ہو۔ دہلی پولیس نے کچھ لوگوں کو بنگلہ دیشی ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا ہے۔ ان کے پاس سے کچھ معلومات ضبط کی گئی ہیں۔ ان دستاویزات کی تصدیق اور ترجمے کے لیے ہی دہلی پولیس کو مترجم مطلوب ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔