ٹک ٹاک اسٹار خودکشی معاملہ: مہاراشٹر حکومت کے کابینہ وزیر سنجے راٹھوڑ مستعفی

ممبئی میں واقع وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے سنجے راٹھوڑ نے اپنی بیوی کے ہمراہ ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کو اپنا استعفیٰ سونپا دیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

محی الدین التمش

ممبئی: شیوسنا لیڈر اور مہاراشٹر کی مہاوکاس آگھاڑی حکومت میں محکمہ جنگلات کے کابینی وزیر سنجے راٹھوڑ نے آج اپنا استعفیٰ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو سونپ دیا۔ ممبئی میں واقع وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ورشا بنگلے پر وزیراعلیٰ مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے سے اپنی بیوی کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے راٹھوڑ نے وزیر اعلیٰ کو اپنا استعفیٰ سونپا۔ یاد رہے کہ بنجارہ سماج کے لیڈران نے راٹھوڑ کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ 22 سالہ ٹک ٹاک اسٹار پوجا چوہان خودکشی معاملے میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے خود راٹھوڑ کو استعفیٰ دینے کے لئے کہا تھا۔ شیوسینا ذرائع کے مطابق راٹھوڑ کو عہدے سے ہٹانے کے متعلق شیوسینا لیڈران کا ایک گروہ اندرونی طور پر خفا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ این سی پی کے ریاستی کابینی وزیر دھننجئے منڈے کو عصمت دری کے الزام کے بعد این سی پی نے نہیں ہٹایا تو راٹھوڑ کے معاملے میں جلد بازی کیوں کی جا رہی ہے۔


کانگریس-این سی پی کی جانب سے بھی راٹھوڑ کے استعفے کو لے کر دباؤ :

مہاوکاس آگھاڑی حکومت میں کانگریس سے کابینی وزیر بالاصاحب تھورات نے بھی راٹھوڑ کو ہٹانے سے متعلق بیان دیا تھا۔ اتحادی جماعتیں کانگریس اور این سی پی کا ماننا ہے کہ راٹھوڑ کو عہدے پر قائم رکھنے کے سبب مہاوکاس آگاڑی حکومت کی امیج پر اثر پڑسکتا ہے۔ جبکہ این سی پی ذرائعے سے ملی اطلاعات کے مطابق راٹھوڑ کو شرد پوار سے مشورے کے بعد وزارت سے مستعفی ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔

راٹھوڑ کے استعفے کو لے کر بی جے پی کا جارحانہ رخ :

22 سالہ ماڈل اور ٹک ٹاک اسٹار پوجا چوہان خود کشی معاملے پر مہاراشٹر بی جے پی صدر چندرکانٹ پاٹل نے واضح کیا تھا کہ جب تک راٹھوڑ کو کابینی وزارت کے عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا تب تک اسمبلی کے بجٹ سیشن کی کاروائی نہیں چلنے دیں گے۔ بی جے پی نے چوہان خوکشی معاملے پر سڑک پر اتر کر احتجاج بھی کیا تھا۔


پوجا چوہان خودکشی معاملہ :

پوجا چوہان نے 8 فروری کو پونہ میں ایک عمارت سے کود کر خودکشی کی تھی۔ ذرائعے کے مطابق خود کشی کے ایک روز قبل ہی پوجا چوہان کا ایوت محل کے ایک سرکاری اسپتال میں اسقاط حمل کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی کئی آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بھی گشت کر رہی ہیں۔ ایک کلپ میں جو شخص کیس کو ختم کرنے کی بات کر رہا ہے، مانا جارہا ہے کہ وہ سنجے راٹھوڑ ہی ہے۔ پوجا چوہان خودکشی معاملے میں سنجے راٹھوڑ کا نام سامنے آنے کے بعد شیو سینا پر راٹھوڑ کے استعفے سے متعلق دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔

کون ہے سنجے راٹھوڑ :

سنجے راٹھوڑ چار مرتبہ سے رکن اسمبلی ہیں اور ودربھ علاقے کا باثر شیو سینا لیڈر ہیں۔ وہ مہاراشٹر کے بنجارہ سماج میں معروف لیڈر کی حیثیت رکھتے ہیں، راٹھوڑ کو مہاوکاس اگھاڑی سرکار میں 2019 میں محکمہ جنگلات کا کابینی وزیر مقرر کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔