ہلاکت خیز طوفان: پی ایم مودی کا گجرات پر ہوا نظرِ کرم تو کمل ناتھ نے اٹھائی انگلی، پھر سبھی ریاستوں کو ملا حق

زبردست آندھی نے کئی ریاستوں میں تباہی مچائی لیکن پی ایم مودی کو صرف گجرات کے لوگ ہی یاد آئے۔ مدھیہ پردیش کے سی ایم کمل ناتھ نے اس پر انگلی اٹھائی تو فوراً پی ایم نے سبھی ریاستوں کو ان کا حق دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی پورے ملک کو اپنی فیملی کہتے ہیں لیکن کئی بار گجرات کے تئیں ان کی محبت کھل کر سامنے آجاتی ہے۔ ایک بار پھر ایسا ہی ہوا جب مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں آندھی، طوفان، بارش نے 40 سے زیادہ لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا، لیکن پی ایم مودی نے صرف گجرات کے تئیں اظہار افسوس کیا اور مہلوکین و زخمیوں کو مالی مدد دینے کا اعلان کیا۔ پھر کیا تھا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے پی ایم کے اس عمل کی تنقید کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کر ڈالا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’مودی جی، آپ ملک کے وزیر اعظم ہیں، نہ کہ گجرات کے۔ آپ کی ہمدردیاں صرف گجرات تک محدود کیوں؟‘‘

اچھی بات یہ ہے کہ پی ایم نریندر مودی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انھوں نے اگلے ہی گھنٹے نیا ٹوئٹ کیا جس میں ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی قدرتی آفات میں ہلاک اور زخمی ہوئے لوگوں کو مالی مدد دینے کا اعلان کیا۔ ممکن ہے انھوں نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر فوری طور پر اپنی غلطی ٹھیک کی ہو، کیونکہ اس سے پورے ملک میں ایک غلط پیغام جاتا جس کا نقصان بی جے پی کو ضرور اٹھانا پڑتا۔

دراصل 16 اپریل کی شام کئی ریاستوں میں ہلاکت خیز آندھی، طوفان، بارش اور آسمانی بجلی نے 40 سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی اور تقریباً اتنے ہی لوگوں کو زخمی بھی کر دیا۔ اس کے بعد پی ایم مودی نے گجرات میں مرنے والوں کو دو لاکھ روپے اور زخمی افراد کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ پی ایم مودی کے ٹوئٹر ہینڈل پریہ اعلان دیکھ کر کمل ناتھ حیران ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور انھوں نے بھی ٹوئٹ کر دیا کہ ’’مودی جی آپ ملک کے پی ایم ہیں نہ کہ گجرات کے۔ مدھیہ پردیش میں بھی بے موسم بارش اور طوفان کے سبب آسمانی بجلی گرنے سے 10 سے زائد لوگوں کی موت ہو ئی ہے۔ لیکن آپ کی ہمدردیاں صرف گجرات تک محدود ہیں؟ بھلے یہاں آپ کی پارٹی کی حکومت نہیں ہے، لیکن لوگ یہاں بھی بستے ہیں۔‘‘

اس کے بعد پی ایم مودی نے اپنی غلطی کو ٹھیک کرتے ہوئے تقریباً ایک گھنٹے بعد ایک نیا ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے ملک کے بقیہ حصوں میں لوگوں کی موت کو لے کر دُکھ ظاہر کیا اور معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے نئے ٹوئٹ میں واضح کیا کہ سبھی مہلوکین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */