بہار، اتر پردیش اور جھارکھنڈ میں زبردست آندھی طوفان، 39 افراد ہلاک

تیز آندھی اور طوفان کے سبب بہار، اتر پردیش اور جھارکھنڈ کی ریاستوں میں کافی جانی اور مالی نقصان ہوا ہے اور کئی جگہوں پر آج بھی تیز آندھی آ نے کے امکانات ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شمالی ہندوستان کی تین ریاستوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے، حکام کے مطابق ہلاکتوں کے یہ واقعات تین ریاستوں اترپردیش، بہار اور جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے ہیں۔

حکام کے مطابق بہار میں 19، اترپردیش میں 15 اور جھارکنڈ میں 5 لوگوں کی اس آندھی، طوفان سے موت ہو گئی۔ طوفان کے دوران ریاست اترپردیش میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائيں چلیں اور یو پی ڈیزازسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اہلکار ٹی پی گپتا کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے ریاست میں 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 10 افراد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کھلے آسمان تلے سو رہے تھے کہ آسمانی بجلی ان پر گری۔اس کے علاوہ ریاست جھارکھنڈ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پرنسل سکریٹری انفارمیشن اویناش آوستھی کے حوالے سے بتایا کہ قصبہ اناؤ میں آسمانی بجلی گرنے سے کم سے کم 5 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے کان پور اور رائے بریلی میں بھی 2، 2 افراد ہلاک ہوئے۔ پرنسل سکریٹری انفارمیشن کا مزید کہنا ہے کہ ریاست میں امدادی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی مجسٹریٹوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں تک متاثرہ افراد کو امداد پہنچائیں۔ اترپردیش کے محکمۂ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں ریاست کے مرکزی اور شمالی علاقوں میں خراب موسم کی پیشین گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دہلی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 May 2018, 8:41 AM