ملک کے کئی حصوں میں 5 اپریل تک آندھی طوفان اور شدید بارشوں کی پیش گوئی، دہلی-این سی آر میں بھی الرٹ

دہلی میں گزشتہ شب شدید بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی طوفان کا سلسلہ آئندہ چند روز تک اسی طرح جاری رہنے رہے گا۔ تاہم کسانوں کی فصلیں برباد ہو گئیں

<div class="paragraphs"><p>بارش کی تصویر / یو این آئی</p></div>

بارش کی تصویر / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں گزشتہ شب شدید بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ جنوبی ہندوستان کے کئی علاقوں میں بھی شدید بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی طوفان کا سلسلہ آئندہ چند روز تک اسی طرح جاری رہنے رہے گا۔ تمل ناڈو، کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور کرناٹک میں 5 اپریل تک طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ وہیں، شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بھی اس ہفتے بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی ہندوستان کے اندرونی حصوں پر کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے، جس کا اثر آنے والے دنوں میں پورے خطے میں نظر آئے گا۔ اس کے پیش نظر محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آندھرا پردیش، تلنگانہ، جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو اور کیرالہ میں آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کا سلسلہ اگلے چار روز تک جاری رہے گا۔


چنئی میں آئی ایم ڈی کے علاقائی موسمی مرکز نے 2 اپریل کے لیے رانی پٹائی، ویلور، ترووناملائی، تروپتر، کرشناگیری، دھرما پوری، سیلم، ایروڈ، نیلگیرس، کوئمبٹور، تروپپور، نامکل، کرور، ڈنڈی گل اور تھینی کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے اور الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مقامی موسمی حالات کے حوالے سے رہائشیوں کو مستعد رہنے کو کہا گیا ہے۔

ملک کی راجدھانی دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہے اور عوام کو گرمی سے راحت مل گئی۔ دہلی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ آئی ایم ڈی کی تازہ پیش گوئی کے مطابق دہلی میں آج (2 اپریل) کو ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوگی اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سیلسیس رہے گا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اروناچل پردیش، سکم، لداخ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی، 2 اپریل تک آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں ہلکی سے بھاری بارش کی توقع ہے۔

خیال رہے کہ مارچ کے مہینے میں بے موسمی بارشوں کے سبب یوپی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کسانوں کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ چونکہ بارشوں کا سلسلہ کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے، لہذا بقیہ فصلوں پر بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کھیتوں میں فصلیں تباہ ہونے کے سبب گیہوں، سرسوں، سبزی اور پھل مہنگے ہو جانے کا خدشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔