آزاد مارکیٹ دہلی میں تین منزلہ عمارت منہدم، 46 سالہ شخص ہلاک

دہلی کے آزاد مارکیٹ علاقے میں جمعہ کی رات تین منزلہ عمارت گرنے سے 46 سالہ منوج شرما کی موت ہو گئی۔ عمارت کے نیچے دکانیں بھی موجود تھیں، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے آزاد مارکیٹ علاقے میں جمعہ کی رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب پل مٹھائی کے علاقے میں واقع ایک تین منزلہ عمارت اچانک گر گئی۔ واقعہ رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ اس حادثے میں ایک 46 سالہ شخص کی موت ہو گئی، جبکہ کئی دکانیں اور ایک ٹرک ملبے میں دب گئے۔

آئی اے این ایس کی رپورٹ مطابق، مذکورہ عمارت کے نچلے حصے میں تین دکانیں تھیں، جن میں بیگ، سوٹ کیس اور ترپال کا کاروبار کیا جاتا تھا۔ پہلی منزل پر ان دکانوں کا گودام بنایا گیا تھا، جہاں سامان ذخیرہ کیا جاتا تھا۔ جب یہ عمارت گری تو نیچے کھڑا ایک ٹرک بھی ملبے کی زد میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس، فائر بریگیڈ، این ڈی آر ایف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) اور فرانزیک کرائم ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ دہلی پولیس کے مطابق، ’’رات 1:55 پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ٹوکری والان، باڑا ہندو راؤ کے علاقے میں واقع ایک عمارت گر گئی ہے۔ فوراً ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔‘‘


ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا اور کچھ ہی دیر میں ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا۔ اسے فوراً بلی نزدیک ہندو راؤ اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔

متوفی کی شناخت منوج شرما عرف پپو کے طور پر کی گئی ہے، جو اتر پردیش سے تعلق رکھتا تھا اور پچھلے 30 برسوں سے یہاں کام کر رہا تھا۔ اس کی ملازمت ایک دکان پر تھی جو گلشن مہاجن نامی شخص کی ملکیت ہے۔

واقعہ کے وقت وہ دکان کے قریب ہی موجود تھا، جب عمارت منہدم ہوئی اور وہ ملبے تلے آ گیا۔ جائے حادثہ کے قریب میٹرو کا تعمیراتی کام بھی جاری تھا، جس کے سبب علاقے میں مسلسل لرزنے کی شکایات بھی کی جا رہی تھیں، تاہم حکام اس پہلو پر بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ کہیں میٹرو تعمیرات یا زمین میں نمی جیسے عوامل حادثے کا سبب تو نہیں بنے۔

آخری اطلاع موصول ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا۔ صبح کے وقت لی گئیں تصاویر میں دو مشینوں کو ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی اور کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ پولیس نے حادثے کے سلسلے میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور فوجداری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فی الحال حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے ماہرین کی مدد سے تکنیکی جانچ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔