روہنی میں بزرگ شہریوں کے لیے تین نئے تفریحی مراکز کا افتتاح، وقار اور فلاح پر زور
اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے روہنی میں بزرگوں کے لیے 3 تفریحی مراکز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، ’’بزرگ تجربے کا خزانہ ہیں، ان کے وقار، صحت اور فلاح کے لیے حکومت پرعزم ہے‘‘

تصویر بشکریہ ایکس /@Gupta_vijender
نئی دہلی: دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے روہنی اسمبلی حلقے میں بزرگ شہریوں کے لیے تین نئے تفریحی مراکز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مقامی باشندوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اسپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزرگ شہری سماج کے تجربہ کار ستون ہوتے ہیں اور ان کا وقار، صحت اور بھلائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ نئے مراکز روہنی سیکٹر-8 کے پاکٹ اے3 ڈی ڈی اے فلیٹس اور سیکٹر-9 کے رام کرشن اپارٹمنٹس اور میور اپارٹمنٹس میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا قیام ایم ایل اے لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ (ایم ایل اے ایل اے ڈی) کے تحت کیا گیا ہے۔ ان مراکز میں بزرگ شہریوں کے لیے تفریح، سماجی رابطے اور ذہنی سکون کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
گپتا نے کہا کہ تیزی سے بدلتے خاندانی نظام میں بزرگ شہری کئی بار تنہائی، صحت کے مسائل اور سماجی علیحدگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ایسے میں یہ ضروری ہے کہ سماج ان کی عزت، شرکت اور فلاح کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کو نہ صرف سہارا، بلکہ یہ احساس بھی ملنا چاہیے کہ وہ آج بھی سماج کے لیے اہم ہیں۔
اسپیکر نے حکومت دہلی کی جانب سے بزرگوں کے لیے کی جانے والی اسکیمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بزرگ شہریوں کو ڈی ٹی سی بسوں میں کرایے میں رعایت دی جاتی ہے، سرکاری اسپتالوں میں ان کے علاج کو ترجیح دی جاتی ہے اور کئی بزرگ شہریوں کو پنشن بھی فراہم کی جاتی ہے۔ دہلی حکومت شہر میں متعدد اولڈ ایج ہومز اور سینئر سٹیزن سینٹرز بھی چلا رہی ہے۔
انہوں نے بزرگ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کی دیکھ بھال کریں، صحت و سلامتی سے متعلق معاملات میں چوکنا رہیں، اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز نہ صرف تفریح کے مقامات ہوں گے بلکہ بزرگوں کی معاشرتی شمولیت کو بھی فروغ دیں گے۔
وجیندر گپتا نے مزید کہا کہ حکومت بزرگوں کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی زندگی وقار، سکون اور خوشی کے ساتھ گزار سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہلی حکومت بزرگوں کی فلاح و بہبود کو ہر سطح پر ترجیح دیتی رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔