دیویندر یادو کی قیادت میں ہزاروں کانگریس کارکنان نے دہلی اسمبلی کا کیا گھیراؤ، جھگی باشندوں کی آواز ہوئی بلند

اسمبلی گھیراؤ کے دوران کانگریس کارکنان ہاتھوں میں جھونپڑیوں کو اُجاڑنے کے خلاف تختیاں اور بینر لیے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے، تب پولیس نے انہیں روکنے کے لیے پانی کی بوچھاڑیں چلائیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس کے لیڈران احتجاج کرتے ہوئے، تصویر@INCDelhi</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہزاروں جھونپڑیوں کو اُجاڑے جانے کے خلاف اور متاثرین کی بازآبادکاری کے مطالبے کو لے کر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں ہزاروں کانگریس کارکنان نے مانسون اجلاس کے پہلے دن دہلی اسمبلی کا گھیراؤ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’جھونپڑی والوں کی فیصلہ کن لڑائی کے لیے ہر کانگریس کارکن تیار ہے۔ وہ بی جے پی کی تاناشاہ پولیس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم اُنہیں اُن کا حق دلا کر رہیں گے۔‘‘

دیویندر یادو کی قیادت میں آج ہزاروں کانگریس کارکنان نے بی جے پی حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر 3000 سے زائد جے جے کلسٹروں کو مسمار کر کے 15,000 سے زائد خاندانوں کو بے گھر کرنے کے خلاف مانسون اجلاس کے پہلے دن دہلی اسمبلی کا گھیراؤ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے متاثرہ جھگی باشندوں سے ملاقات کی اور ان سے مکمل تعاون اور مدد کا وعدہ کیا کہ انہیں متبادل رہائش فراہم کر کے بازآباد کیا جائے گا۔ راہل گاندھی نے پارلیمان میں جھگی باشندوں کی آواز بھی بلند کی، جس کے بعد ریکھا گپتا حکومت نے اعلان کیا کہ بغیر متبادل رہائش دیے جھونپڑیوں کو نہیں گرایا جائے گا۔


آج اسمبلی گھیراؤ کے دوران احتجاجی کانگریس کارکنان ہاتھوں میں جھونپڑیوں کو اُجاڑنے کے خلاف تختیاں اور بینر لیے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے، تب پولیس نے انہیں روکنے کے لیے پانی کی بوچھاڑیں چلائیں اور بیریکیڈز عبور کرنے پر پولیس اور نیم فوجی دستوں نے ہلکی طاقت کا استعمال کیا۔ کانگریسی کارکنان جھگی باشندوں کے حق کے لیے، بی جے پی کے غیر انسانی عمل کے خلاف اور غریبوں کو انصاف دلانے کے لیے اسمبلی گھیرنے پہنچے تھے۔ اس دوران دیویندر یادو کو پولیس نے حراست میں لے کر سبزی منڈی پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ اس تعلق سے دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس کارکنان کا احتجاج بی جے پی حکومت کو یہ صاف پیغام دینے کے لیے ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کر کے دہلی سے غریبوں کو بےدخل کرنا چاہتی ہے، جبکہ ہر شہری کو دہلی میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔

دیویندر یادو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’یہ انتہائی غیر انسانی ہے کہ عام آدمی پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں اور بی جے پی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد، دونوں نے ہی سب سے پہلے غریب جھگی باشندوں کو نشانہ بنایا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ یہ غریب لوگ جو بہار، یو پی سمیت مختلف ریاستوں سے دہلی کئی دہائیوں سے آ کر آباد ہیں، دہلی کی ترقی میں ان کا قیمتی کردار رہا ہے۔ کانگریس دہلی کی بی جے پی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جن کی جھگیاں اُجاڑی گئی ہیں، انہیں اسی جگہ پر بسانے کا انتظام کیا جائے۔ اگر جھگی اُجاڑنی ہی ہے، تو پہلے اس کے قریب میں متبادل رہائش فراہم کی جائے، جیسا کہ کانگریس نے پہلے کالکاجی میں، اشوک وہار میں جیلروالا باغ اور کٹپتلی کالونی میں فلیٹ تعمیر کر کے کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔