نریلا کی دلت بچی کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو سخت سزا ملنی چاہیے: کانگریس

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے نریلا کی 13 سالہ لڑکی کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جنھوں نے عصمت دری اور قتل کا واقعہ انجام دیا انھیں سخت سزا ملنی چاہیے۔

چودھری انل کمار کی فائل تصویر
چودھری انل کمار کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے نریلا کی دلت بچی کے ساتھ جو ظلم ہوا، اس کے خلاف آج آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو کسی بھی حال میں بخشا نہیں جانا چاہیے۔ انھوں نے نریلا کی 13 سالہ دلت بچی کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جس بچی کو فیملی کی مدد کے نام پر گڑگاؤں لے جایا گیا اور وہاں اس کے ساتھ عصمت دری کر کے قتل کیا گیا، اسے کبھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ چودھری انل کمار نے آج مہلوکہ کے گھر والوں سے ملاقات کی اور کہا کہ اس گھناؤنے جرم کے لیے ذمہ داری لوگوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔

متاثرہ فیملی سے ملنے والوں میں چودھری انل کمار کے ساتھ سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج، ریاستی نائب صدر جے کشن، سابق رکن اسمبلی راجیش للوٹھیا، ضلع صدر اندرجیت سنگھ اور نریلا اسمبلی کے امیدوار سدھارتھ کنڈو بھی شامل تھے۔ چودھری انل کمار نے اس موقع پر کہا کہ راجدھانی دہلی کی دلت خواتین یا نابالغ لڑکیوں کے ساتھ دہلی میں لگاتار ہو رہے جنسی استحصال جیسے مظالم پر دہلی حکومت اور مرکزی حکومت غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی اور میڈیا کے ذریعہ نریلا کے معاملے کو ظاہر کرنے کے بعد معاملہ سامنے آیا، ورنہ دیگر معاملوں کی طرح حکومت اس کو بھی دبا دیتی۔


دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ حکومت آخر دلت بچیوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کے واقعات کو سامنے لانے سے گھبراتی کیوں ہے؟ حکومت غریب، بے سہارا اور مزدور دلت طبقہ پر ہو رہے مظالم کی آواز کیوں نہیں بن سکتی؟ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال دہلی میں دلتوں کے ساتھ ہو رہے عصمت دری اور جنسی استحصال کے معاملوں کی پروا کیے بغیر جے پور میں اپنے روحانی سکون کے لیے 10 دن گزار آئے۔ علاوہ ازیں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ کا نعرہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ صرف انتخابی تقریروں میں ہی دیتے ہیں، حقیقت میں انھوں نے بیٹی اور خواتین کی سیکورٹی کے لیے کوئی مثبت اقدام نہیں کیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی کی دلتوں کے تئیں پالیسی صاف ظاہر ہو گئی ہے کہ دلت بیٹی کے ساتھ عصمت دری اور قتل ہونے کے باوجود مقامی رکن اسمبلی اور نگم پارشد نے 10 سال سے نریلا میں رہ رہے متاثرہ خاندان سے ملنے تک کی ضرورت نہیں سمجھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔