گجرات: بی جے پی حکومت سے ناراض نانا چلوڑا گاؤں کے باشندوں نے اسمبلی انتخاب کے بائیکاٹ کی دی دھمکی

نانا چلوڑا گاؤں کے لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کارپوریشن انھیں بنیادی سہولیات مہیا کرانے میں بھی ناکام رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انھیں اسمبلی انتخاب کے بائیکاٹ سے متعلق فیصلہ لینا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد کے نانا چلوڑا گاؤں کے باشندوں نے بی جے پی حکومت پر بے حسی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسمبلی انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ دو سال قبل احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) میں انضمام ہونے تک نانا چلوڑا ایک گاؤں تھا۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کیا کہ کارپوریشن انھیں بنیادی سہولیات مہیا کرانے میں بھی ناکام ہے، یہی وجہ ہے کہ انھیں اسمبلی انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ لینا پڑا۔ اس تعلق سے لوگوں نے گاؤں میں پوسٹر اور ہورڈنگ لگا تک لگا دیا ہے۔

اس بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل ٹھاکور نے بتایا کہ ’’گزشتہ دو سالوں سے دیہی عوام پینے لائق پانی اور اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن انتظامیہ کا اس طرف کوئی دھیان نہیں ہے۔ اسکول کی موجودہ عمارت مخدوش حالت میں ہے۔ انتظامیہ کی بے حسی کو دیکھتے ہوئے گاؤں کے لوگوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسمبلی انتخاب کا بائیکاٹ کریں گے۔ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی یا ان کے کارکنان یا لیڈروں کو اس گاؤں میں انتخابی تشہیر کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘


گاؤں والوں کی شکایت ہے کہ لڑکیوں سے متعلق اسکولوں میں کلاسز کی کمی ہے، جس سے کئی کلاسز کی 60 سے 70 طالبات کو ایک ساتھ بیٹھنا پڑتا ہے۔ پرائمری اسکول کی عمارت کے لیے ٹنڈر پاس کر ٹھیکہ بھی دیا گیا تھا، لیکن دو سال بعد بھی کام شروع نہیں ہوا ہے۔ ٹھاکور کا کہنا ہے کہ ’’گاؤں کا فیصلہ ہے جب تک گاؤں کو بنیادی سہولیات نہیں دی جاتیں، تب تک ہم کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔‘‘

سردار نگر علاقہ کے نگر سیوک چندرپرکاش کھانچندانی نے بھی میڈیا کے سامنے اعتراف کیا کہ ’’سات آٹھ ماہ پہلے پرائمری اسکول کی بنیاد رکھی گئی تھی، لیکن عمارت کا ٹھیکہ رد کر دیا گیا تھا۔ اس لیے اسکول تعمیر کے کام میں تاخیر ہو رہی ہے۔‘‘ حالانکہ انھوں نے بتایا کہ آبی نکاسی کا کام چل رہا ہے لیکن اس کی رفتار بھی سست ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔