ووٹ ادھیکار یاترا سے قبل راہل گاندھی کی یلغار، کہا- ’جمہوریت کی حفاظت کے لیے فیصلہ کن جنگ لڑیں گے‘

راہل گاندھی 17 اگست سے بہار میں ’ووٹ ادھیکار یاترا‘ شروع کریں گے جو ووٹ چوری کے خلاف مہم ہے۔ یہ یکم ستمبر کو پٹنہ میں ریلی پر ختم ہوگا، تیجسوی یادو اور انڈیا اتحاد کے رہنما بھی شریک ہوں گے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی 17 اگست سے بہار کی سرزمین سے ’ووٹ ادھیکار یاترا‘ کا آغاز کریں گے۔ یہ یاترا باضابطہ طور پر ساسارام کے ریلوے میدان سے ایک عوامی جلسے کے ساتھ شروع ہوگی اور یکم ستمبر کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں عوامی جلسہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ اس مہم کا مقصد ووٹ چوری کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنا اور صاف و شفاف ووٹر لسٹ کو یقینی بنانا ہے۔

یہ یاترا کانگریس کے علاوہ بہار میں ’انڈیا‘ اتحاد کے دیگر اہم اتحادیوں کی شمولیت کے ساتھ انجام پائے گی۔ راہل گاندھی کے ساتھ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سمیت مختلف جماعتوں کے بڑے قائدین شریک ہوں گے۔

راہل گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادی بہار کی سرزمین سے ووٹ چوری کے خلاف براہ راست جنگ شروع کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک انتخابی مسئلہ نہیں بلکہ جمہوریت، آئین اور ’ون مین، ون ووٹ‘ کے اصول کی حفاظت کا فیصلہ کن جنگ ہے۔


انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’17 اگست سے ووٹ ادھیکار یاترا کے ساتھ ہم بہار سے ووٹ چوری کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہم پورے ملک میں صاف اور درست ووٹر لسٹ تیار کروا کے ہی دم لیں گے۔ نوجوان، مزدور، کسان، ہر شہری اٹھے اور اس عوامی تحریک کا حصہ بنے۔ اب کی بار، ووٹ چوروں کی ہار — عوام کی جیت، آئین کی جیت۔‘‘

اس یاترا کے دوران راہل گاندھی اور اتحادی رہنما بہار کے مختلف اضلاع سے گزریں گے۔ کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بدھ کے روز ساسارام پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔

’ووٹ ادھیکار یاترا‘ ساسارام سے شروع ہو کر اورنگ آباد، گیا، نوادہ، نالندہ، شیخ پورہ، لکھی سرائے، منگیر، بھاگلپور، کٹیہار، پورنیہ، ارریہ، سپول، مدھوبنی، دربھنگہ، سیتا مڑھی، مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، چھپرا اور آرا سے گزرے گی۔ یکم ستمبر کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں ایک بڑی ریلی کے ساتھ اس کا اختتام ہوگا، جہاں راہل گاندھی اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ مہم بہار تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس طرز کی عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ ووٹر لسٹ سے فرضی نام نکالے جا سکیں اور حقیقی اہل ووٹروں کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس سفر اور ریلی میں شامل ہوں تاکہ جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔