’یہ مارچ کسی سیاسی پارٹی کا نہیں، ہندوستان کی روح کا ہے‘، راہل نے عوام سے کی رام لیلا میدان میں جمع ہونے کی اپیل
راہل گاندھی نے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس کی فکر نہ کریں، لاٹھیوں سے نہ ڈریں، بی جے پی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ اپنے ان ہتھکنڈوں کا استعمال کرے۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ایک بار پھر عوام سے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں مجوزہ کانگریس کی ریلی میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے جمعرات (29 اکتوبر) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’’نمسکار، چلو دہلی رام لیلا مارچ، جمہوریت کو بچانے کا، ووٹ چوری کو روکنے کا، آئین کو بچانے کا مارچ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ’’یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مارچ نہیں، یہ ہندوستان کی روح کا مارچ ہے۔‘‘
کانگریس رہنما اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’سب لوگ جو نریندر مودی، امت شاہ، گیانیش کمار سے پریشان ہیں۔ سب لوگ جو جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں، آئین کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں، آپ سب آئیے۔‘‘ ان کے مطابق ’ایک ہی احتجاج ہے، ملک کا احتجاج ہے۔‘ راہل گاندھی نے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس کی فکر نہ کریں، لاٹھیوں سے نہ ڈریں، بی جے پی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ اپنے ان ہتھکنڈوں کا استعمال کرے۔ آئیے، ہمارے ساتھ مارچ میں شامل ہوں۔ ہم آئین کے تحفظ اور ہندوستانی قوم کی حفاظت کے لیے مل کر چلیں گے۔‘‘
راہل گاندھی نے تمام طلبہ تنظیموں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ’گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘ وہ لکھتے ہیں کہ ’’میں تمام طلبہ تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ کی سیاسی وابستگی خواہ جو بھی ہو، اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہندوستان پر حملہ ہو رہا ہے، اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ پر حملہ ہو رہا ہے، آپ کی رائے، آپ کے خیالات اور آپ کے طرز فکر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تو آئیے اور ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ یہ ایک شاندار مارچ ہوگا اور یہ ملک کی روح کے تحفظ کے لیے نکالا جانے والا مارچ ہے۔ آپ سب سے وہاں ملاقات کا منتظر ہوں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
