’یہ جملہ سیزن-2 ہے، نوجوانوں کو روزگار نہیں جملے ملیں گے‘، پی ایم مودی کے نئے اعلان پر راہل گاندھی کا طنز
پی ایم مودی نے آج لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو خطاب کرتے ہوئے ’پردھان منتری وِکست بھارت یوجنا‘ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے تقریباً 3.5 کروڑ نوجوانوں کو فائدہ ملے گا۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے 15 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اعلان کردہ ایک نئے روزگار منصوبہ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ’پردھان منتری وِکست بھارت یوجنا‘ کے تعلق سے انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ منصوبہ بھی پی ایم مودی کے جملے کی طرح ہی ثابت ہوگا۔‘‘
راہل گاندھی نے یہ تبصرہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال نوجوانوں کو ایک لاکھ کروڑ سے ایک کروڑ انٹرن شپ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، اور اب رواں سال ایک لاکھ کروڑ سے ملازمت دینے کی بات کہی گئی ہے، جو محض ایک جملہ ہے۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ اب تک 10 ہزار سے بھی کم نوجوانوں کو انٹرنشپ ملی ہے۔
راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے نئے منصوبہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اپنی پوسٹ میں طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ایک لاکھ کروڑ روپے کا جملہ– سیزن 2! 11 سال بعد بھی مودی جی کے وہی پرانے جملے، وہی رٹے رٹائے نمبر۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں ’’پچھلے سال ایک لاکھ کروڑ روپے سے 1 کروڑ انٹرنشپ کا وعدہ۔ اس سال پھر ایک لاکھ کروڑ روپے کا ملازمت منصوبہ! سچ کیا ہے؟‘‘ اس سوال کا جواب وہ خود ہی دیتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ’’پارلیمنٹ میں میرے سوال پر حکومت نے اعتراف کیا کہ 10 ہزار سے بھی کم انٹرنشپ۔ اسٹائپنڈ اتنا کم کہ 90 فیصد نوجوانوں نے منع کر دیا۔‘‘
اس پوسٹ کے ساتھ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے مانسون اجلاس کے دوران پوچھے گئے ایک تحریری سوال اور اس کے جواب کی ایک کاپی بھی شیئر کی ہے۔ بہرحال، راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ پی ایم مودی کے پاس اب کوئی نیا نظریہ، نئی سوچ دکھائی نہیں دے رہی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’مودی جی کے پاس اب کوئی نیا آئیڈیا نہیں بچا۔ اس حکومت سے نوجوانوں کو روزگار نہیں، بس جملے ملیں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ آج یومِ آزادی کے موقع پر پی ایم مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو خطاب کرتے ہوئے ’پردھان منتری وِکست بھارت یوجنا‘ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اس منصوبہ کے تحت پرائیویٹ سیکٹر میں پہلی ملازمت پانے والے نوجوانوں کو 15 ہزار روپے بطور حوصلہ افزائی دیے جائیں گے۔ اس منصوبہ کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا انتظام کیے جانے کی اطلاع بھی پی ایم مودی نے دی اور بتایا کہ اس منصوبہ سے تقریباً 3.5 کروڑ نوجوانوں کو فائدہ ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔