’یہ انتخاب کسی فرد کا نہیں، دستور اور جمہوریت کے وقار کا ہے‘، کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد نائب صدر امیدوار سدرشن کا بیان

انڈیا اتحاد کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار جسٹس (ریٹائرڈ) بی سدرشن ریڈی نے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے۔ اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ ان کی امیدواری جمہوریت اور دستور کی حفاظت کی جدوجہد کا حصہ ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار جسٹس (ریٹائرڈ) بی سدرشن ریڈی نے آج کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ سدرشن ریڈی نے اس موقع پر ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب محض کسی فرد کے بارے میں نہیں بلکہ دستور اور جمہوریت کے وقار کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ نائب صدر کے انتخاب 9 ستمبر کو ہوں گے اور اس بار اپوزیشن اتحاد نے اپنی سنجیدگی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جسٹس (ریٹائرڈ) بی سدرشن ریڈی نے کہا کہ وہ یہ نامزدگی ایک گہرے احساسِ ذمہ داری، انکساری اور دستور میں درج اقدار کے تحفظ کے عزم کے ساتھ داخل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی خدمت میں گزری زندگی، بطور طالب علمِ قانون، بطور شہری اور بطور سپریم کورٹ کے جج، نے یہ سبق دیا ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت ہر فرد کی عزت، دستوری اخلاقیات کے تحفظ اور تنوع میں وحدت سے آتی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’یہ انتخاب فرد کا نہیں بلکہ اس نظریے کا ہے جسے ہمارے بانیانِ وطن نے قائم کیا۔ ایک ایسا ہندوستان جہاں پارلیمنٹ ایمانداری سے کام کرے، اختلافِ رائے کا احترام ہو اور ادارے عوام کی خدمت آزادی اور انصاف کے ساتھ کریں۔‘‘

سدرشن نے مزید کہا کہ نائب صدر، جو راجیہ سبھا کے چیئرمین بھی ہوتے ہیں، پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمانی جمہوریت کی اعلیٰ ترین روایات کو قائم رکھیں۔ اگر وہ اس عہدے پر منتخب ہوتے ہیں تو غیر جانب داری، وقار اور مکالمے کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔


وہیں، کاغذات نامزدگی کے بعد اپوزیشن اتحاد نے سدرشن کی امیدواری کو تاریخی قرار دیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا، ’’نائب صدر راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے پارلیمانی جمہوریت کی اعلیٰ روایات قائم رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔ سدرشن کی امیدواری مودی حکومت کی جانب سے اداروں پر مسلط کی گئی جابرانہ روش کے خلاف پیغام ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دستور میں درج اقدار کے تحفظ اور جمہوریت کے دفاع کے لیے یہ لڑائی بھرپور انداز میں لڑے گا۔

کانگریس نے باضابطہ بیان میں کہا، ’’اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار جسٹس (ریٹائرڈ) بی سدرشن ریڈی نے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے ہیں۔ ہم سب متحد ہو کر ان کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کی دانش مندی، ایمانداری اور وابستگی ملک کو انصاف اور اتحاد پر مبنی مستقبل کی طرف لے جائے گی۔‘‘

اس نامزدگی کو اپوزیشن اتحاد کے لیے ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔ مختلف جماعتوں کے لیڈران نے ایک ساتھ کھڑے ہو کر یہ واضح پیغام دیا کہ وہ دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد میں کسی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کریں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن کی یہ حکمت عملی آئندہ کے پارلیمانی مباحث اور قومی سیاست پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔

سدرشن نے اپنے بیان کے آخر میں کہا، ’’میں اس سفر کا آغاز دستور اور عوام پر اعتماد کے ساتھ کر رہا ہوں۔ ہماری جمہوری روح ہی ہماری رہنمائی کرے گی۔‘‘ انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور عوام کی جدوجہد برائے انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کو اپنی تحریک قرار دیا۔