’یہ ملک ہم سب کا ہے، میں جمہوریت کی حفاظت کے لیے کھڑا ہوں‘، نائب صدر کے انتخاب سے قبل سدرشن ریڈی کا جذباتی پیغام
سدرشن ریڈی نے کہا کہ ’’معزز اراکین، نائب صدر کے عہدہ کے لیے انتخاب 3-2 دنوں میں ہونے والا ہے۔ میں تمام سے عاجزانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ کریں اور پارٹی مفاد سے اوپر قومی مفاد کو رکھیں۔‘‘

آئندہ 9 ستمبر کو نائب صدر کا انتخاب ہونے والا ہے۔ اس سے 2 روز قبل اتوار (7 ستمبر) کو اپوزیشن کی جانب سے نائب صدارتی عہدہ کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سابق جج سدرشن ریڈی کی ایک ویڈیو کانگریس کے ’ایکس‘ ہینڈل سے پوسٹ کی گئی۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’’معزز اراکین، نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے انتخاب 3-2 دنوں میں ہونے والا ہے۔ میں تمام سے عاجزانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ کریں اور پارٹی مفاد سے اوپر قومی مفاد کو رکھیں۔‘‘
سدرشن ریڈی نے آگے کہا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ آپ جو بھی فیصلہ لیں گے، وہ میرے یا آپ کے مفاد میں نہیں بلکہ ملک کے مفاد میں ہوگا۔ آپ کا جو بھی فیصلہ ہوگا، میں اسے قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’یہ صرف نائب صدر کے عہدہ کے لیے ووٹ نہیں ہے، بلکہ یہ ہندوستان کی روح کے لیے ووٹ ہے۔ یہ ملک ہم سب کا ہے۔ ملک کو سنبھال کر رکھنا، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آئیے ہم سب مل کر اپنی جمہوریت کو مضبوط بنائیں اور ایک ایسی وراثت بنائیں، جس پر آنے والی نسل فخر کر سکیں۔‘‘
سدرشن ریڈی نے کہا کہ جیسے جیسے ملک میں جمہوری خلا محدود ہو رہا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم جمہوریت کی روح کی حفاظت کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جمہوریت ٹکراؤ سے نہیں بلکہ تعاون سے چلتی ہے۔ میری طاقت سننے، سمجھانے اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ میں آپ سے اپنے لیے حمایت نہیں مانگ رہا ہوں، بلکہ ان اقدار کے لیے مانگ رہا ہوں جو ہمیں ایک خود مختار جمہوری ملک بناتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اس انتخاب میں کسی پارٹی کا ’وہپ‘ نہیں ہوتا، اس لیے اراکین پارلیمنٹ کو اپنا ووٹ حب الوطنی اور آئینی اقدار کی بنیاد پر دینا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔