موسم کا حال: دہلی میں 54 سال بعد فروری کا تیسرا سب سے گرم دن ریکارڈ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

فروری کا مہینہ ختم ہونے سے قبل ہی راجددھانی دہلی میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
گرمی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں فروری کے مہینے میں ہی لوگ گرمی محسوس کرنے لگے ہیں اور یہاں گرمی نے 55 سال میں تیسری مرتبہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ خیال رہے کہ، پیر (20 فروری) کو راجدھانی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 9 ڈگری زیادہ یعنی 33.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور یہ 1969 کے بعد فروری کا تیسرا گرم ترین دن تھا۔

دہلی کا 20 فروری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 9 ڈگری زیادہ یعنی 35.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ نجف گڑھ اور ریج اسٹیشنوں پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 اور 34.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 9 سے 10 ڈگری زیادہ ہے۔


ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے علاقائی پیشن گوئی مرکز کے سربراہ کلدیپ سریواستو نے کہا کہ دہلی میں 26 فروری 2006 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.1 ڈگری سیلسیس اور 17 فروری 1993 کو 33.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ 1969-2023 کی مدت کے دوران دہلی میں یہ تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

آئی ایم ڈی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 26 فروری 2021 کو قومی راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سریواستو نے کہا کہ دہلی اور شمال مغربی ہندوستان کے دیگر حصوں میں موسم گرما کے اوائل کی سب سے بڑی وجہ مضبوط ویسٹرن ڈسٹربنس کی کمی ہے۔


آئی ایم ڈی کے مطابق، شمال مغربی ہندوستان میں موسم بنیادی طور پر ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیر کنٹرول ہے۔ 29 جنوری سے اس خطے میں کوئی ویسٹرن ڈسٹربنس فعال نہیں ہے، اس لیے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پہلے ہی بڑھ رہا ہے اور مارچ کے پہلے 15 دنوں میں شمال مغربی ہندوستان میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ وہیں، اگلے 2 دنوں کے دوران گجرات کے کچھ اور کونکن میں گرمی کی لہر چلنے کا امکان ہے۔ حکام نے ان علاقوں کے لیے سب سے پہلے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔