کیرالہ میں منکی پاکس کے تیسرے معاملہ کی تصدیق

کیرالہ میں جمعہ کو منکی پاکس کے تیسرے معاملہ کی تصدیق کی گئی۔ ملاپورم ضلع میں متحدہ عرب امارات سے لوٹنے والا ایک نوجوان اس بیماری سے متاثر پایا گیا ہے

منکی پاکس / آئی اے این ایس
منکی پاکس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ترواننت پورم: کیرالہ میں جمعہ کو منکی پاکس کے تیسرے معاملہ کی تصدیق کی گئی۔ ملاپورم ضلع میں متحدہ عرب امارات سے لوٹنے والا ایک نوجوان اس بیماری سے متاثر پایا گیا ہے۔ یہ معلومات عہدیداران نے دی۔ نوجوان کو الگ تھلگ کر کے ضلع کے منجیری کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ریاست اور ملک میں یہ منکی پاکس کا تیسرا معاملہ ہے۔ پہلا کیس 14 جولائی کو سامنے آیا تھا، جب متحدہ عرب امارات سے آنے والا ایک نوجوان کولم میں متاثر پایا گیا تھا۔ کچھ دن بعد دبئی سے آنے والے ایک اور شخص کا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ بھی متاثر پایا گیا۔


دریں اثنا، ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے جمعہ کو صحت کے حکام کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد کہا کہ منکی پاکس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور محکمہ صحت کے اہلکار اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

ریاست کے تمام 14 اضلاع میں آئسولیشن وارڈ تیار کیے گئے ہیں اور آنے والے مسافروں کی نگرانی کے لیے ریاست کے چاروں ہوائی اڈوں پر خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کی گئی ہیں۔ اس سے نمٹنے کے لیے صحت کے تمام افسران کو تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔