اتراکھنڈ میں انتخاب کے پیش نظر 50 بارڈر چیک پوسٹ پر رہے گا سخت پہرہ، خصوصی منصوبہ تیار

اتراکھنڈ پولیس ڈائریکٹر جنرل اشوک کمار کی صدارت میں تین ریاستوں کی پولیس کی میٹنگ ہوئی جس میں آپسی اتفاق سے سخت فیصلے لیے گئے تاکہ اسمبلی انتخاب کو جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ رکھا جائے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب قریب ہے۔ ایسے میں انتخاب کو غیر جانبدار اور پرامن طریقے سے کرانا بھی پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ س ضمن میں اتراکھنڈ پولیس نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہماچل پردیش اور اتر پردیش پولیس کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس میں انتخاب کے دوران ووٹنگ عمل متاثر کرنے والے مجرمانہ اور غیر سماجی عناصر کی اتراکھنڈ میں دراندازی نہ ہو سکے، اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دراصل اتراکھنڈ پولیس ڈائریکٹر جنرل اشوک کمار کی صدارت میں تینوں ریاستوں کی پولیس کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ میں آپسی اتفاق سے ایسے کام پر زور دیا گیا جس سے اتراکھنڈ کے اسمبلی انتخاب میں باہری ریاستوں کے جرائم پیشے سرحدوں کو پار کرنے کی ہمت نہ کر سکیں اور انتخاب بھی متاثر نہ ہو۔ وہیں مجرمانہ اور غیر سماجی عناصر جو انتخابی عمل میں مداخلت کر سکتے ہیں، ان پر سخت نگرانی رکھی جا سکے۔ ان کے علاوہ غیر قانونی نشیلی اشیاء، شراب، اسلحہ اور نقد کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بھی خصوصی پالیسی بنائی گئی۔


ریاست کے تین اہم اضلاع ہیں جن سے اتر پردیش کی سرحدیں ملتی ہیں۔ یہاں 50 بارڈر چیک پوسٹ پر اضافی فورس کا سخت پہرہ رہے گا۔ اودھم سنگھ نگر سے ملحق اتر پردیش کے 30 بارڈر چیک پوسٹ، ہریدوار سے ملحق یوپی سرحد کے 20 چیک پوسٹ سمیت دہرادون سے ملحق مغربی اتر پردیش کے سرحدی 10 چیک پوسٹوں پر 24 گھنٹے نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں، تینوں ریاستوں کی پولیس بارڈر چیک پوسٹ پر 14 گھنٹے مشترکہ چیکنگ مہم جاری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔