دہلی میں لاک ڈاؤن نہیں لگے گا، لیکن...

وزیر صحت ستیندر جین نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ دہلی میں لاک ڈاؤن لگانے جیسی کوئی بات نہیں ہے، لیکن عوامی مقامات پر ہولی کا تہوار منانے پر پوری طرح سے روک ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کورونا کے معاملا ت میں اضافہ کے مدنظر راجدھانی میں لاک ڈاون کے اندیشے سے انکار کرتے ہوئے لوگوں سے ہولی کے تہوار کو عوامی مقامات پر نہیں منانے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ستیندر جین نے سنیچر کو کہا کہ ہولی کا تہوار اپنے کنبہ میں خوشی کے ساتھ منائیں۔ ایسے پروگرام نہ کریں جن سے دھماکہ ہوجائے۔ عوامی طورپر ہولی منانے والوں پر قانونی کارروائی کرنے کے لئے تمام اضلاع میں ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

دہلی میں لاک ڈاون کے اندیشے سے انکار کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ لاک ڈاون کورونا کا حل نہیں ہے۔ ہم لاک ڈاون لگاکر دیکھ چکے ہیں لیکن کورونا پوری طرح سے ختم نہیں ہوسکا۔ ہم کورونا کو قابو کرنے کے لئے ہر روز 90 ہزار تک ٹیسٹ کر رہے ہیں، جو ملک کے ٹیسٹ اوسط سے پانچ گنا زیادہ ہے۔ دہلی میں باہر سے آنے والے لوگوں کی جانچ کے لئے ریلوے اسٹیشن اور ایئرپورٹ پر رینڈم ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے دہلی والوں سے اپیل کی کہ کورونا کے معاملات میں اضافہ کی ٹھوس وجہ کا پتہ نہیں ہے، اس لئے ہمیں ماسک لگانے سمیت بچاؤ کے تمام اقدامات پر صد فیصد عمل کرنا چاہیے۔


وزیر صحت نے کہا کہ دہلی میں جمعہ کو کورونا کے 1534 پازیٹو معاملات آئے تھے اور پازیٹو کی شرح 1.8 فیصد رہی ہے۔ دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے 1.75 فیصد پازیٹو شرح چل رہی ہے۔ دہلی میں اس وقت پہلے تھوڑے زیادہ کورونا کے معاملات آرہے ہیں۔ دہلی میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹیسٹ کی تعداد بہت زیادہ بڑھا دی گئی ہے۔ دہلی میں اب یومیہ 85 سے 90 ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جو ملک کی اوسط جانچ شرح سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔ ہم آئسولیشن بھی کر رہے ہیں اور کنٹیکٹ ٹریسنگ بھی کر رہے ہیں جو بھی پازیٹو معاملے آرہے ہیں، ان کو آئسولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے رابطہ میں آنے والے 30-30 لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا کو جلد کنٹرول کیا جاسکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔