دہلی، یوپی اور بہار سمیت دیگر ریاستوں میں آئندہ ایک ہفتہ میں پڑ سکتی ہے سخت سردی، محکمہ موسمیات نے کیا الرٹ
پیر کو دہلی کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق رواں ہفتے سے دن کے وقت میں بھی سرد ہوائیں چلیں گی۔ رات کا درجہ حرارت کم ہو کر تقریباً 6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق 9 دسمبر کو مدھیہ پردیش اور ودربھ کے علاوہ چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے کئی علاقوں میں سرد لہر کے سبب لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 8 دسمبر کو مغربی مدھیہ پردیش میں گھنے کہرے چھائے رہے اور آنے والے دنوں میں بھی ایسا ہی موسم رہ سکتا ہے۔ 9 دسمبر کو اڈیشہ کے ساتھ ساتھ 9 اور 10 دسمبر تک ہمالیائی علاقوں میں کئی جگہ گھنے کہرے چھا سکتے ہیں۔ 9 سے 12 دسمبر کے دوران آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی گھنا کہرا دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
پیر کو راجدھانی دہلی کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق رواں ہفتے سے دن کے وقت میں بھی سرد ہوائیں چلیں گی۔ رات کا درجہ حرارت کم ہو کر تقریباً 6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے، جو معمول سے تقریباً 1.6 ڈگری کم ہے۔ اسی طرح محکمہ موسمیات نے 10، 11 اور 12 دسمبر کو اترپردیش میں گھنے کہرے کی وارننگ دی ہے۔ صبح کے وقت کانپور، اٹاوہ، آگرہ، ٹنڈلا کے علاوہ بارہ بنکی، ایودھیا، لکھنؤ اور آس پاس کے کئی اضلاع میں بہت گھنا کہرا چھا سکتا ہے۔
راجستھان کے کچھ علاقوں میں اگلے 2 دنوں میں ہلکے بادل چھا سکتے ہیں۔ کم از کم درجہ حرارت میں 3-2 ڈگری سیلسیس تک اضافے کا امکان ہے۔ جے پور موسمیاتی مرکز کے مطابق ایک کمزور مغربی طلاطم کے سبب ریاست کے کچھ حصوں میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے۔ آئندہ ایک ہفتہ تک پورے راجستھان میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اگر جھارکھنڈ کی بات کی جائے تو سرد لہر کے باعث عوامی زندگی کافی متاثر ہو رہی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کم از درجہ حرارت میں 2 ڈگری سیلسیس تک کی مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اس کے بعد درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کے اضافے کا امکان ہے۔ جھارکھنڈ کے پڑوسی صوبہ بہار کے کئی اضلاع میں آئندہ ایک سے دو دنوں تک رات کا درجہ حرارت 5 سے 12 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ دن کے وقت کا درجہ حرارت بھی تھوڑا کم ہو کر 24 سے 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ صبح اور شام کے وقت گھنے کہرے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔