ملک میں ’سماجی ایمرجنسی‘، ماہرین کا لاک ڈاؤن میں توسیع کا مشورہ: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال کو’سماجی ایمرجنسی‘ قرار دیتے ہوئے بدھ کو کہا کہ کئی ریاستی حکومتوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کو کہا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال کو’سماجی ایمرجنسی‘ قرار دیتے ہوئے بدھ کو کہا کہ کئی ریاستی حکومتوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کو کہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے ملک میں 21 دن کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کی مدت 14 اپریل کو ختم ہونی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال پر سیاسی جماعتوں کے قانون ساز جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بدھ کو یہاں ویڈیو کانفرینس کے ذریعے ایک میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے کہا، ”ملک میں ’سماجی ایمرجنسی‘ جیسی صورت حال ہے اور اس کے پیش نظر حکومت کو کئی سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ ہمیں اب بھی مکمل طور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستی حکومتوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کو کہا ہے“۔


وزیراعظم نریندر مودی کورونا وبا سے لڑنے کے لئے آئندہ حکمت عملی بنانے کی خاطر ملک کے وزرائے اعلی کے ساتھ 11 اپریل کو بات چیت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی نے ان وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کریں گے اور صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

کورونا بحران کو حل کرنے کے لئے مودی کی وزرائے اعلی کے ساتھ یہ دوسری بار ویڈیو کانفرنسنگ ہوگی۔ بدھ کے روز وزیر اعظم مودی نے اس معاملہ پر کل جماعتی میٹنگ کی۔ذرائع کے مطابق مودی لاک ڈاون بڑھانے کے بارے میں ان وزرائے اعلی کی رائے اور مشورے بھی لیں گے اور اس وبا سے لڑنے میں پیش آرہی ان کی پریشانیوں اور دقتوں کو بھی سنیں گے۔


خیال رہے کہ کچھ ریاستوں نے لاک ڈاون بڑھانے کی مانگ کی ہے تو کیرالہ نے ریاست میں مرحلہ وار طریقہ سے لاک ڈاون کرنے اور کھولنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں وزرائے اعلی اپنی ریاستوں میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی مانگ کرسکتے ہیں اور ایک دوسرے کو خود کے اقدامات سے بھی واقف کرائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔