بہار سے زیادہ بے بس اور لاچار سرکاری صحت نظام کہیں نہیں: عظیم اتحاد

آر جے ڈی لیڈر وجے پرکاش نے کہا کہ حکومت جب بہار کی شان عظیم ریاضی داں وشسٹھ نارائن سنگھ کے جسد خاکی کو لے جانے کے لئے ایک ایمبولینس تک مہیا نہیں کرا سکتی تو عام لوگوں کا اللہ ہی مالک ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار میں راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی) کے زیر قیادت مہا گٹھ بندھن نے عطیم ریاضی داں وشسٹھ نارائن سنگھ کے انتقال کے بعد جسد خاکی کولے جانے کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج اور اسپتال (پی ایم سی ایچ) سے ایمبولینس دستیاب نہیں کرائے جانے پر نتیش حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہا کہ ریاست سے زیادہ بے بس اور لاچار سرکاری صحت نظام کہیں نہیں ہے۔

مہاگٹھ بندھن کی حلیف راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر اپندر کشواہا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”عظیم ریاضی داں وشسٹھ بابو کے انتقال پر گھڑیالی آنسو بہانے والے وزیر اعلیٰ نتیش کمار خود اتنے بے بس ہو چکے ہیں کہ انہیں صحت محکمہ اور پی ایم سی ایچ کی بد انتظامی سے کیا مطلب ہے۔ اس سے زیادہ بے بس اور لاچار سرکاری صحت نظام کہیں نہیں ہوگا۔


آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن اور ترجمان منوج جھا نے سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ” لیجنڈ تھے وشسٹھ بابو، انہوں نے کہا کہ سنگھ کے جسد خاکی کو پی ایم سی ایچ کے باہر گھنٹوں پڑے رہ جانا ہماری بے حسی کو بیان کرتا ہے۔ وہیں آر جے ڈی لیڈر وجے پرکاش نے کہا کہ حکومت جب بہار کی شان عظیم ریاضی داں وشسٹھ نارائن سنگھ کے جسد خاکی کو لے جانے کے لئے ایک ایمبولینس تک مہیا نہیں کرا سکتی تو عام لوگوں کا اللہ ہی مالک ہے۔

بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا جسد خاکی ایمبولینس کے فقدان میں آدھے گھنٹے تک اسپتال میں پڑا رہا۔ یہ بہت ہی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جو بھی لاپرواہی ہو لیکن کانگریس مانتی ہے کہ کسی پر الزام تراشی کے بجائے خود بھی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے وشسٹھ بابو کے اہل خانہ سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ کر نہیں سکے اس کے لئے معافی چاہتے ہیں۔


کانگریس کے ترجمان راجیش راٹھور نے کہا کہ یہ بہار کی شان عظیم ریاضی داں سنگھ کی نہ صرف بے عزتی ہے بلکہ حکومت کی بے حسی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ جب بعد وفات سنگھ کے جسد خاکی کو ایمبولینس نہیں ملا تو ظاہر ہے کہ حکومت نے وشسٹھ بابو کا علاج کیسے کرایا ہوگا۔ کانگریس چاہتی ہے کہ بہار کی اس شان کو بہار رتن اور بھارت رتن ملے۔

بہار میں حزب اقتدار جنتاد ل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے ترجمان راجیو رنجن پرساد نے اس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عظیم ریاضی داں سنگھ کے اہل خانہ کو ہوئی پریشانی کے لئے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وشسٹھ سنگھ کے جسد خاکی کے ساتھ ایسا ہونا تکلیف دہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔