مودی لہر ختم ہو چکی، کانگریس خطہ جموں کی دونوں سیٹیں جیتے گی: غلام احمد میر

جموں وکشمیر کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ سن 2014 میں پیدا کی گئی مودی لہر ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹی وی چینلوں کو چھوڑ کر وزیر اعظم مودی زمینی سطح پر کہیں بھی زندہ نہیں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ سن 2014 میں پیدا کی گئی مودی لہر ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹی وی چینلوں کو چھوڑ کر وزیر اعظم مودی زمینی سطح پر کہیں بھی زندہ نہیں ہیں۔

غلام احمد میر نے یہ باتیں منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا ’’سن 2014 میں جو لہر پیدا کی گئی تھی وہ اب ختم ہوچکی ہے۔ بڑے بڑے پیڑ اکھاڑنے کی بات کی گئی تھی۔ اگر آج پی ایم مودی کہیں زندہ ہیں تو وہ کچھ ٹی وی چینلوں پر ہیں، مگر زمینی سطح پر مودی کا صفایا ہوچکا ہے۔‘‘

ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس خطہ جموں کی دونوں پارلیمانی نشستوں پر جیت درج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا ’’جموں کی دو نشستوں پر کانگریس کے امیدواروں کو نیشنل کانفرنس کی بھرپور حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ مجھے صد فیصد یقین ہے کہ جموں کی دونوں نشستیں کانگریس کی جھولی میں جائیں گی۔‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ ’کیا نیشنل کانفرنس اور کانگریس اسمبلی انتخابات کے لئے بھی اتحاد کریں گی‘، غلام احمد میر کا جواب تھا ’’ہم پہلے ریاست میں لوک سبھا کی چھ سیٹیں دلی بھیجیں گے۔ جب یہ تجربہ کامیاب ہوگا تو اسمبلی کی بات بھی ہو گی۔ فی الحال جو طرفین کے درمیان اتحاد ہوا ہے، وہ صرف لوک سبھا کے لئے ہی کیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔