اسلام میں 'علامتی قربانی' کا تصور نہیں: مولانا کلب جواد

مولانا کلب جواد نقوی کا کہنا ہے کہ 'علامتی قربانی' کا تصوراسلام میں نہیں ہے ،قربانی اسلامی طریقے پر ہی ادا ہوسکتی ہے ،ریاستی حکومتیں اپنی گائیڈ لائن پر از سرنو غورکریں۔

Getty Images
Getty Images
user

پریس ریلیز

لکھنؤ: مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری ،امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے عیدالاضحٰی کے موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر تمام مسلمان اپنی دیرینہ روایت کے مطابق امن و امان کے ساتھ حکومت کے شرائط و ضوابط پرعمل کرتے ہوئے قربانی کافریضہ انجام دیں ۔مولانانے اپنے بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا مشکل ترین دور سے گزررہی ہے۔ہمارا ملک ہندوستان بھی اس خطرناک وائرس کی زد میں ہے اور روز بروز کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت کی حد تک اضافہ ہورہاہے، لہٰذا مسلمان حکومتی گائیڈ لائن اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کریں اور ہر ممکن احتیاط کریں تاکہ خود بھی اس مہلک وبا سے محفوظ رہیں اور دوسروں کے لئے بھی خطرہ ثابت نہ ہوں۔

ساتھ ہی مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امسال جانور نہ ملنے کی یا کسی دوسری وجہ سے قربانی ممکن نہ ہو تو حصول ثواب کی غرض سے غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں ۔یہ قربانی کا بدل تو نہیں ہوسکتا مگر اس وبائی دور میں اللہ کی خوشنودی کے حصول کا بہترین ذریعہ قرار پائے گا۔مولانانے کہاکہ قربانی کے لئے حکومت کی طرف سےجو گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے اس پر عمل کیاجائے ۔قربانی سنت مؤکدہ ہے اور جان کا تحفظ واجب ہے ۔کیونکہ بد احتیاطی کی صورت میں ہم خود بیمار نہیں ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانوں کے لئے بھی خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔


مولانانے اپنی بات جاری کرتے ہوئے آگے کہاکہ مسجدوں میں جاکر جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے پرہیز کیا جائے اور گھروں میں فرادیٰ نماز پڑھی جائے ۔انھوں نے مزید کہاکہ جن ریاستوں میں حکومت کی طرف سے یہ اعلان کیا گیاہے کہ مسلمان ’علامتی قربانی‘ کریں ،سراسر غلط ہےکیونکہ اسلام میں’ علامتی عبادت ‘کا تصور نہیں ہے۔ علامتی قربانی نہیں ہوسکتی ،جو طریقہ اسلام نے عباد ت کا بتلایاہے اسی کے مطابق عبادت انجام دی جاسکتی ہے۔ اس لئےجن ریاستوں میں ایسے اعلانات کئے گئے ہیں ان پر ریاستی حکومتیں از سرنو غور کریں اورقربانی کے فریضے کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔

اس درمیان مجلس علماء ہند کے ذریعہ یہ بھی بتایا گیا کہ نماز عیدالاضحیٰ یکم اگست کو 11 بجے دن میں آن لائن منعقد ہوگی ۔مومنین فرادیٰ کی نیت سے ساتھ میں نماز ادا کرسکتے ہیں۔نماز مولانا کلب جواد نقوی پڑھائیں گےجسے مجلس علماء ہند کے فیس بک پیج اوریوٹیوب چینل پر ’حسینی چینل‘ کے ذریعہ نشر کیاجائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔