بی سی سی آئی کے دفتر میں چوری، لاکھوں روپے مالیت کی آئی پی ایل کی 261 جرسیاں غائب، سیکوریٹی گارڈ گرفتار
بی سی سی آئی کو اس چوری کی اطلاع تب ہوئی جب بورڈ کا انٹرنل آڈٹ ہوا۔ اس معاملے میں ملزم نے آئی پی ایل 2025 کی 261 جرسی چوری کی ہے، جن کی قیمت 6.52 لاکھ روپے ہے۔

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے کیمپس میں دنیا کے سب سے امیر کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کا دفتر ہے اور اسی دفتر سے لاکھوں روپے کا سامان چوری ہو گیا ہے۔ ایک شخص کو اس معاملے میں پکڑا گیا ہے جو دفتر کی سیکوریٹی ٹیم میں شامل بتایا جاتا ہے۔ بی سی سی آئی کو اس چوری کی اطلاع تب ہوئی جب بورڈ کا انٹرنل آڈٹ ہوا۔ اس معاملے میں سیکوریٹی منیجر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے آئی پی ایل 2025 کی 261 جرسی چوری کی ہے، جن کی قیمت 6.52 لاکھ روپے ہے۔
’لائیو ہندوستان ڈاٹ کام‘ کی خبر کے مطابق ملزم کا نام فاروق اسلم خان ہے جو بی سی سی آئی آفس کی سیکوریٹی کا حصہ ہے۔ مبینہ طور پر چرچ گیٹ کے وانکھیڑے اسٹیڈیم واقع بی سی سی آئی کے دفتر سے ملزم ایک اسٹور روم سے جرسیوں کا ایک پورا کارٹن لے گیا۔ پولیس کے مطابق ہر جرسی کی قیمت تقریباً ڈھائی ہزار روپے تھی۔
اس مہینے کی شروعات میں بی سی سی آئی افسروں نے ایک آڈٹ کیا تھا جس میں جرسی کا اسٹاک کم پایا گیا۔ اس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالا گیا جس کے مطابق آئی پی ایل 2025 ختم ہونے کے کچھ ہی دنوں کے بعد 13 جون کو ملزم گارڈ کو اسٹور روم سے ایک بڑا کارڈ بورڈ بکس لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے اندیشہ پیدا ہوا اور اس کے بعد 17 جولائی کو مرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف شکایت درج کی گئی۔
وہیں پولیس جانچ میں پتہ چلا کہ اسلم نے چوری کی ہوئی جرسیاں ہریانہ کے ایک آن لائن ڈیلر کو فروخت کر دی تھی، جس سے اس نے سوشل میڈیا کے ذریعہ رابطہ کیا تھا۔ اس شخص نے مبینہ طور پر ڈیلر کو بتایا تھا کہ بورڈ دفتر میں جدید کاری کام کی وجہ سے اسٹاک کلیئرنس کے تحت جرسیاں فروخت کی جا رہی تھیں۔
پولیس نے اب تک 50 جرسی برآمد کرلی ہے، جس کی قیمت تقریباً 1.25 لاکھ روپئے ہے۔ پولیس نے ملزم کے بینک ریکارڈس بھی چھانے، لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس نے سارے پیسے آن لائن بیٹنگ میں گنوا دیئے۔ پولیس کی ابھی بھی اس معاملے میں چھان بین جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔