ہریانہ میں اب ’ہریجن‘ اور ’گریجن‘ لفظ کا نہیں ہوگا استعمال، ریاستی حکومت کی ہدایت
ریاستی حکومت نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر طرح کے سرکاری خط و کتابت میں ’ہریجن‘ اور ’گریجن‘ جیسے الفاظ کے استعمال سے گریز کریں۔

ہریانہ حکومت نے ’ہریجن‘ اور ’گریجن‘ الفاظ کے استعمال کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام محکموں کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی آفیشیل بات چیت میں ’ہریجن‘ اور ’گریجن‘ الفاظ کا استعمال کرنا بند کریں۔ ہریانہ کے چیف سکریٹری دفتر نے منگل (13 جنوری) کو اس تعلق سے ایک خط جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ مہاتما گاندھی نے درج فہرست ذاتوں کو ’ہریجن‘ کا نام دیا تھا جس کا معنی ہے ’ایشور کے لوگ‘۔ حالانکہ بی آر امبیڈکر ’ہریجن‘ لفظ کے استعمال کے مخالف تھے اور وہ انہیں دلت کہنا پسند کرتے تھے۔
آفیشیل بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہریانہ حکومت نے ریاست کے تمام انتظامی سکریٹریوں، محکموں کے سربراہوں، بورڈز، کارپوریشنوں، پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، ڈویژنل کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں، سب ڈویژنل افسران (سول) اور یونیورسٹیوں کے رجسٹراروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام آفیشیل خط و کتابت میں ’ہریجن‘ اور ’گریجن‘ جیسے الفاظ کے استعمال سے بچیں۔‘‘
ہریانہ کے چیف سکریٹری دفتر کے خط میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ہندوستان کا آئین درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کا حوالہ دینے کے لیے ان الفاظ کا استعمال نہیں کرتا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہندوستانی حکومت کی ہدایات کا حوالہ دیا ہے، جس میں واضح طور پر آفیشیل معاملات میں ان الفاظ کے استعمال کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
چیف سکریٹری دفتر کے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’ریاستی حکومت کی طرف سے اس معاملے کا جائزہ لیا گیا، اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ کچھ محکمے ان ہدایات پر سختی سے عمل نہیں کر رہے ہیں۔ نتیجتاً تمام محکموں اور افسران کو مرکزی حکومت کی ہدایات پر مکمل تعمیل کو یقینی بنانے اور تمام آفیشیل ریکارڈ، خط و کتابت اور مواصلات میں ہریجن اور گریجن الفاظ کے استعمال کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔