امیر-غریب کے بیچ بڑھتی کھائی کو بھرکے آنسوؤں کو پونچھنا ہوگا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ملک کی دو تصاویر پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کس طرح کچھ لوگوں کے پاس دولت کے انبار ہیں جبکہ کچھ لوگ بنیادی چیزوں سے بھی محروم ہیں

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں بے تحاشہ مہنگائی نے ایک طرف جہاں سبزیوں کو عوام کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، وہیں سبزی فروش بھی معاش زندگی کی جستجو میں نڈھال ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا، راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کر کے مہنگائی کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ راہل گاندھی نے ملک کی دو تصاویر پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کس طرح کچھ لوگوں کے پاس دولت کے انبار ہیں جبکہ کچھ لوگ بنیادی چیزوں سے بھی محروم ہیں۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’ملک کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف وہ طاقت ور لوگ ہیں جنہیں اقتدار کا تحفظ حاصل ہے اور جن کے اشاروں پر ملک کی پالیسیاں بن رہی ہیں اور دوسری طرف عام ہندوستانی ہے، جس کی پہنچ سے سبزی جیسی بنیادی چیز بھی دور ہوتی جا رہی ہے۔ ہمیں امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی اس کھائی کو بھر کے ان آنسوؤں کو پونچھنا ہوگا۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ للن ٹاپ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں آزاد پور منڈی میں ایک سبزی فروش رامیشور سے بات کی گئی ہے۔ 20 جولائی 2023 کی اس ویڈیو میں رامیشور جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے اور زار و قطار رونے لگتے ہیں۔ سبزی فروش رامیشور کہتے ہیں ’’ٹماٹر بہت مہنگا ہے، میری ہمت (خریدنے کی) نہیں پڑ رہی ہے۔ جانے کیا بھاؤ بکے، پھر ہمیں نقصان ہو جاتا ہے۔ گزار نہیں ہو پاتا۔ جو چیز لینے جائیں وہی مہنگی ہے۔‘‘

رپورٹر جب یہ پوچھتے ہیں کہ ٹماٹر کے علاوہ کچھ اور خرید لیں تو رامیشور رونے لگتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہے کہ کچھ اور خرید سکیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ہماری گزر نہیں ہو رہی ہے۔ 4 ہزار روپے کرایہ پر رہتے ہیں اور 100-200 روپے بھی نہیں کما پار رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔