ملک بھر میں بدلا موسم کا مزاج، شمال سے جنوبی ہندوستان تک تیز ہوائیں، بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

راجدھانی دہلی کے علاوہ اترپردیش، پنجاب، بہار سمیت شمالی ہندوستان کے کئی صوبوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ تیز بارش دیکھنے کو ملی ہے۔ اس کے علاوہ ژالہ باری کے سبب کسانوں کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔

برف باری، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

سردی کے دوران ہی اچانک گرمی اور پھر بے موسم بارش سے جہاں عام لوگوں کو راحت ملی رہی ہے وہیں کھیتوں میں کھڑی فصل کو لے کر کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تازہ خبر نے کسانوں کے لیے مزید خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ مغربی طلاطم کی وجہ سے ملک بھر میں موسم اچانک سے کافی بدل گیا ہے۔ راجدھانی دہلی کے علاوہ اترپردیش، پنجاب، بہار سمیت شمالی ہندوستان کے کئی صوبوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ تیز بارش دیکھنے کو ملی ہے۔ اس کے علاوہ ژالہ باری کے سبب کسانوں کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آج (5 اپریل) جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، دہلی اور اتر پردیش میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔


اسی طرح 7 اور 8 اپریل کو موسم پھر سے خراب ہو سکتا ہے۔ 8 اپریل کو بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جبکہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونےاور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ کیرالہ، تمل ناڈو، تلنگانہ اور کرناٹک سمیت جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں 5 اور 8 اپریل کے درمیان بارش ہونے کی توقع ہے۔

دہلی میں بھی گرج چمک اور بارش نے لوگوں کو پریشان کررکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 5 سے 7 اپریل کے درمیان موسم متغیر رہے گا۔ آج شام ہلکی بارش کے ساتھ بوندا باندی اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔


وہیں اتر پردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے آندھی اور بارش کا دور جاری ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر الرٹ جاری کیا ہے جس میں اتوار (5 اپریل) کو ابر آلود آسمان اور دھوپ کے کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ  اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس کی کمی درج ہوسکتی ہے۔

یو پی کی راجدھانی لکھنؤ کے موسم سینٹر کی اطلاع کے مطابق ریاست کے مشرقی ڈویژن کے کئی اضلاع میں 5 اپریل کو سیاہ بادلوں کی نقل و حرکت کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ 20 اضلاع میں 30 سے ​​40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ مغربی اتر پردیش میں آج موسم صاف رہے گا۔ 6 اپریل کو محکمہ موسمیات نے تمام 75 اضلاع کو گرین زون میں رکھا ہے۔ 7 اپریل سے ریاست میں بادل کی نقل و حرکت دوبارہ شروع ہو جائے گی۔


دوسری طرف آئی ایم ڈی نے بہار میں 5، 6 اور 9 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 7 اور 8 اپریل کو ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔