’حکومت جتنی کمزور ہوگی اپوزیشن پر چھاپے بڑھیں گے! اعظم خان کے خلاف انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری پر اکھلیش کا ردعمل

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اعظم خان کے احاطوں پر جاری انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کے حوالہ سے مرکزی حکومت پر سخت حملہ بولا ہے

اکھلیش یادو اور اعظم خان / Getty Images
اکھلیش یادو اور اعظم خان / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان اور ان کے قریبی رشتہ داروں پر آج محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس پر پارتی صدر اکھلیش یادو نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ یوپی میں محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی کے حوالہ سے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت جتنی کمزور ہوتی جا رہی ہے اپوزیشن جماعتوں پر چھاپے اتنے ہی بڑھیں گے۔ وہیں، سماجوادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو نے بھی اعظم خان کے خلاف چھاپہ ماری کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ ایس پی لیڈر اعظم خان کے کئی احاطوں پر صبح سے ہی آئی ٹی کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انکم ٹیکس کی ٹیم آج صبح تقریباً 7.30 بجے رام پور میں اعظم خان کے گھر پہنچی اور تلاشی لی۔ اعظم کے علاوہ ان کے قریبی ساتھیوں نصیر خان اور وکیل کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ اس پر سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے سخت ردعمل دیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پوسٹ میں اکھلیش نے کہا ’’حکومت جتنی کمزور ہوگی، اپوزیشن پر اتنے ہی چھاپے بڑھتے جائیں گے۔‘‘


اکھلیش یادو نے پہلے بھی مرکزی حکومت پر اپوزیشن کو دھمکانے کا الزام لگایا تھا۔ تمل ناڈو میں ٹی ڈی پی صدر اور سابق سی ایم این چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری پر اکھلیش نے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈروں کو گرفتار کرنا ایک چلن بن گیا ہے اور جو لوگ اقتدار کے ساتھ نہیں آ رہے، انہیں جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے!

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کی ٹیم اعظم خان کی محمد علی جوہر یونیورسٹی کے ٹرسٹ اور اکاؤنٹس کے لین دین کی چھان بین کر رہی ہے۔ اس دوران اعظم خان کی فیملی گھر پر موجود ہے۔ ان کے گھر کو چاروں طرف سے مرکزی سیکورٹی فورسز نے گھیر لیا ہے اور کسی کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔