یوپی نگر پالیکا پریشد کے ضمنی انتخاب میں سماجوادی پارٹی ہوئی کامیاب، بی جے پی پانچویں مقام پر رہی
محمود آباد میں نگر پالیکا پریشد کے صدر کے عہدے کے ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کے امیدوار عامر عرفات نے 8906 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی اور بی جے پی پانچویں نمبر پر رہی۔

اتر پردیش کے سیتا پور ضلع میں محمود آباد نگر پالیکا پریشد کے صدر کے عہدے کے لیے ہوئے ضمنی انتخاب کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔کل یعنی 13 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا۔ سماج وادی پارٹی نے اس ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس انتخاب میں بی جے پی پانچویں نمبر پر رہی۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اس ضمنی انتخاب میں ایس پی کی جیت پر کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر لکھا - "سیتا پور کے محمود آباد نگر پالیکا انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی جیت حوصلہ بڑھانے والی ہے۔ پانچویں نمبر پر بی جے پی کا آنا یوپی کی مستقبل کی سیاست کا اشارہ ہے۔ جیتنے والے امیدوار سمیت تمام عہدیداروں، کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور اچھے کام کرنے کے لیےنیک خواہشات۔ بی جے پی گئی!‘‘
محمود آباد میں نگر پالیکا پریشد کے صدر کے عہدہ کے ضمنی انتخاب میں ایس پی امیدوار عامر عرفات نے 8906 ووٹ حاصل کر کے جیت حاصل کی اور اس انتخاب میں آزاد اتل کمار ورما دوسرے نمبر پر رہے، جنھیں 8331 ووٹ ملے۔ پانچویں نمبر پر آنے والے بی جے پی امیدوار سنجے ورما کو صرف 1332 ووٹ ملے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے امریش گپتا کو 4423 ووٹ ملے جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے ندیم احمد کو 1820 ووٹ ملے۔
اب محمود آباد میں بی جے پی کی شکست کو لے کر کئی سوال اٹھ رہے ہیں اور بی جے پی کی یہ شکست یوپی کے سیاسی گلیاروں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔ جبکہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس کی وجہ ٹکٹ کے انتخاب پر ناراضگی ہے۔ اگر مقامی کارکنوں کی مانیں تو پارٹی نے ٹکٹ کے لیے دو مضبوط دعویداروں کو نظر انداز کر سنجے ورما کو امیدوار بنایا، جو ہار کی بڑی وجہ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔