جموں و کشمیر میں کورونا کے سایے میں 'بیک ٹو ولیج' پرگرام کا تیسرا مرحلہ شروع

پروگرام کے تیسرے مرحلہ کے دوران بھی افسران خود لوگوں کے بیچ جا کر بینادی سطح پر تعمیر وترقی کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور لوگوں کی شکایات و مشکلات کو سن کر ان کو برسر موقع ہی حل کرنے کی کوشش کریں گے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر میں جمعے کو کورونا وائرس کے سایے میں 'بیک ٹو ولیج' پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس پروگرام کو شروع کرنے کے لئے مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش یعنی دو اکتوبر کو چنا گیا تھا۔ اس نوعیت کے گذشتہ دو پروگراموں کی طرح اس تیسرے پروگرام کے دوران بھی افسران خود لوگوں کے بیچ جا کر بینادی سطح پر تعمیر وترقی کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور لوگوں کی شکایات و مشکلات کو سن کر ان کو برسر موقع ہی حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'آج سے "بیک ٹو ولیج" پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ یہ لوگوں کی دہلیز پر حکومت کو پہنچانے کا ایک منفرد پروگرام ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کو خوش آمدید کرتے ہیں اور تمام افسران سے تاکید ہے کہ وہ جوش وجذبے کے ساتھ اپنی کوششیں کریں'۔


حکام کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے 4 ہزار 2 سو 90 پنچایتوں کے لوگ اس تیسرے مرحلے میں بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات کے ازالے اور ترقیاتی کاموں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکومت نے 450 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ ادھر 'بیک ٹو ولیج' پروگرام کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے قبل ہی آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس نے اپنے مطالبات کے حق میں یونین ٹریٹری کے دونوں دارالحکومتوں جموں اور سری نگر میں احتجاج کیا تھا۔

پنچایت کانفرنس کے مطالبات میں 73 ویں آئینی ترمیم کو لاگو کرنا، بیک ٹو ولیج پروگرام کے تیسرے مرحلے کو شروع کرنے سے قبل ہر پنچایت کے حق میں 25 لاکھ روپے واگزار کرنا اور پنچوں و سرپنچوں کے مشاہرے میں اضافہ کرنا شامل ہیں۔ 'بیک ٹو ولیج' پروگرام کے تسیرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لئے یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور ایس پیز کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک میٹنگ کی۔


انہوں نے میٹنگ کے دوران افسران سے تاکید کی کہ وہ اس پروگرام کے دوران لوگوں تک پہنچیں اور ان کو درپیش مشکلات و مسائل کو سن کر انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کا آغاز بابائے قوم کی یوم پیدائش منانے کا بہترین طریقہ ہے۔ جموں و کشمیر میں بیک ٹو ولیج پروگرام کا تیسرا مرحلہ 12 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ برس 28 جولائی کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'من کی بات' کے دوران جموں کشمیر انتظامیہ کے 'بیک ٹو ولیج' پروگرام کی کافی تعریف کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔