پب جی کا جنون! گیم کھیلنے سے منع کیا تو نابالغ نے ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 16 سالہ لڑکے کو ماں نے گیم کھیلنے سے روکا تھا، جس کے بعد اس نے اپنی ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا، لڑکا گیم کا عادی ہو چکا تھا

پب جی گیم کی علامتی تصویر / ڈی ڈبلیو
پب جی گیم کی علامتی تصویر / ڈی ڈبلیو
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں ایک 16 سالہ لڑکے نے اپنی ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس واقعے کی معلومات دیتے ہوئے پولیس افسر نے بتایا کہ 16 سالہ لڑکے کو ماں نے گیم کھیلنے سے روکا تھا، جس کے بعد لڑکے نے اپنی ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکا گیم کھیلنے کا عادی تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فرانزک ٹیم نے بھی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ 16 سالہ بیٹے نے ماں کو گولی مار کر قتل کیا ہے۔ مشرقی لکھنؤ کے اے ڈی سی پی قاسم عابدی نے منگل کو کہا، "نابالغ لڑکے نے اپنی ماں کو پب جی گیم کھیلنے سے روکنے کے بعد گولی مار دی، جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔"


پولیس کا کہنا تھا کہ ’’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لڑکا گیم کھیلنے کا عادی تھا اور اس کی ماں اسے گیم کھیلنے سے روکتی تھی، جس کی وجہ سے اس نے اپنے والد کے پستول سے یہ واردات انجام دی۔‘‘ اے ڈی سی پی کا مزید کہنا تھا کہ لڑکے نے تفتیش کے دوران پولیس کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کی۔ اس نے پولیس کو الیکٹریشن کی ایک فرضیج کہانی سنائی۔

پولیس افسر نے کہا، ’’ہم نے لڑکے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔‘‘ مارچ میں اسی طرح کا ایک واقعہ ممبئی میں پیش آیا تھا، جہاں تھانے کے ایک رہائشی کو پب جی گیم کھیلتے ہوئے پیدا ہوئی دشمنی کی بنا پر 3 دوستوں نے مبینہ طور پر چاقو کے وار سے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم سمیت دو نابالغوں کو گرفتار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔