ریاستی سطح پر ہندوؤں کو اقلیتی درجہ دینے کے معاملہ میں حکومتوں کے رویہ سے سپریم کورٹ ناراض

جسٹس ایس کے کول، جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے کہا کہ وہ یہ نہیں سمجھ پا رہے کہ کچھ ریاستوں نے اپنا جواب کیوں نہیں دیا۔

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کچھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ہندوؤں کو اقلیتی درجہ دینے کا مطالبہ کافی دنوں سے کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں کچھ عرضیاں سپریم کورٹ میں زیر سماعت بھی ہیں۔ آج اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومتوں کے رویہ سے ناراضگی ظاہر کی۔ دراصل ریاستی سطح پر اقلیتوں کی شناخت کو لے کر جموں و کشمیر سمیت چھ ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کے ذریعہ مرکزی حکومت کو اپنی رائے نہیں دینے پر منگل کے روز سپریم کورٹ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

جسٹس ایس کے کول، جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے کہا کہ وہ یہ نہیں سمجھ پا رہے کہ ان ریاستوں نے اپنا جواب کیوں نہیں دیا۔ بنچ نے کہا کہ ’’ہم مرکزی حکومت کو ان کا جواب لینے کا آخری موقع دیتے ہیں۔ ایسا نہیں ہونے پر ہم مان لیں گے کہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔‘‘ مرکز کی طرف سے پیش اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی نے حالیہ اسٹیٹس رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ اب تک 24 ریاستوں اور 6 مرکز کے زیر انتظام خطوں نے ہی اس سلسلے میں اپنا تبصرہ دیا ہے۔


گزشتہ ہفتہ سپریم کورٹ میں داخل اسٹیٹس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اروناچل پردیش، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، لکشدیپ، راجستھان اور تلنگانہ سے اب تک جواب نہیں ملا ہے۔ جب وینکٹ رمنی نے بنچ سے کہا کہ چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں نے اب تک اس معاملے پر اپنی رائے نہیں دی ہے، تو بنچ نے کہا کہ وہ طویل مدت تک ایسا نہیں کر سکتے اور یہ مان لیا جائے گا کہ وہ جواب نہیں دینا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک عرضی دہندہ کی طرف سے پیش وکیل نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو اقلیت میں ہیں، اس لیے انھیں اقلیتی درجہ ملنا چاہیے۔ اس معاملے کے عرضی دہندگان میں سے ایک ایڈووکیٹ اشونی کمار اپادھیائے نے کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے جس کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ پھر بنچ نے اس معاملے میں آئندہ سماعت کے لیے 21 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔