سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کی عبوری ضمانت میں کی تین ماہ کی توسیع

سپریم کورٹ نے جمعرات کو منی لانڈرنگ کے ایک مبینہ کیس میں مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کو طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت دینے کے اپنے پہلے حکم میں تین ماہ کی توسیع کر دی

مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک / تصویر قومی آواز
مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک / تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو منی لانڈرنگ کے ایک مبینہ کیس میں مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کو طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت دینے کے اپنے پہلے حکم میں تین ماہ کی توسیع کر دی۔ جسٹس انیرودھا بوس اور دیپانکر دتا کی بنچ نے میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد حکم دیا، ’’درخواست گزار کو دی گئی عبوری ضمانت میں تین ماہ کی توسیع کی جاتی ہے۔‘‘

بنچ کو بتایا گیا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئر رہنما گردے کی دائمی بیماری میں مبتلا ہیں اور ان کا بایاں گردہ مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے ملک کی جانب سے کی گئی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور کہا کہ عبوری ضمانت میں توسیع کی ان کی درخواست پر سپریم کورٹ غور کر سکتا ہے۔


عدالت عظمیٰ نے حکم دیا، ’’درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار اب بھی گردے کی دائمی بیماری میں مبتلا ہے اور اس کی طبی حالت بہتر نہیں ہوئی ہے۔ مذکورہ بالا کے پیش نظر درخواست گزار کو دی گئی عبوری ضمانت میں مزید تین ماہ کی توسیع کی جاتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔