سورج کے تیور ہوئے مزید سخت، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز، شمالی ہند میں جمعہ تک کوئی راحت کے آثار نہیں

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی ہندوستان خاص طور پر دہلی-این سی آر، مغربی اترپردیش، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں 29 مئی سے موسم میں تبدیلی نظر آئے گی۔

<div class="paragraphs"><p>درجہ حرارت کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

آسمان سے برس رہی آگ کے سبب ملک کا بڑا حصہ لگاتار جُھلس رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس گرمی سے فی الحال راحت کے کوئی آثار بھی نہیں ہیں۔ اتر پردیش، دہلی-این سی آر، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، گجرات، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش سمیت ملک کے بڑے حصے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سیلسیس تک درج کیا گیا ہے۔ 47.1 ڈگری کے ساتھ مہاراشٹر کے ودربھ کا برہم پوری ملک کا سب سے گرم علاقہ رہا۔

دوسری طرف اتر پردیش گرم لہر اور آندھی کی دوہری مار جھیل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 10 اضلاع میں لو کے لیے ریڈ الرٹ اور 23 اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اتوار کو 46.8 ڈگری کے ساتھ باندہ اترپردیش میں سب سے گرم رہا۔ وہیں پریاگ راج، جھانسی، اورئی اور آگرہ میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان، مغربی ہمالیائی علاقہ اور جنوب مغربی ہندوستان کو چھوڑ کر دیگر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری کے درمیان برقرار رہا۔ ملک کے ایک بڑے حصے میں جمعہ تک راحت کی امید بھی نہیں ہے۔ خاص طور پر راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر اور گجرات کے بڑے حصے میں شدید گرمی جاری رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔


محکمہ موسمیات نے پیش گوئی ہے کہ شمالی ہندوستان، خاص طور پر دہلی-این سی آر، مغربی اترپردیش، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں 29 مئی سے موسم میں تبدیلی نظر آئے گی۔ ان ریاستوں میں 50 فیصد علاقوں میں جمعہ کو بارش، آندھی کا امکان ہے۔ اس وجہ سے ان علاقوں میں ہفتے کو زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم دونوں ہی درجہ حرارت میں گراوٹ آنے کی توقع ہے۔ وہیں موسم میں تبدیلی سے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک گراوٹ آ سکتی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ مانسون طے وقت سے 4 دن پہلے 26 مئی کو کیرالہ کے ساحل پر دستک دے سکتا ہے۔ اس سے پہلے ہی کیرالہ، انڈمان-نکوبار جزیرے اور لکشدیپ میں قبل از مانسون بارش شروع ہو چکی ہے۔ کیرالہ اور لکشدیپ، تمل ناڈو، شمال مشرق اور ملحقہ علاقوں میں اگلے 5-4 دنوں تک کئی مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں آسام، سکم، اروناچل پردیش، میگھالیہ کے علاوہ مغربی بنگال کے ہمالیائی علاقوں میں محکمہ موسمیات نے اگلے 3 دن تیز آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آسام، میگھالیہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال میں کچھ مقامات پر 100-60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ وہیں اتراکھنڈ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئی جگہ ژالہ باری کی اطلاعات ہیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔