موسم کی دوہری مار، کہیں شدید گرمی کا قہر تو کہیں آندھی-بارش کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

شمالی ہند کی زیادہ تر ریاستوں میں لُو کا قہر جاری ہے جبکہ جنوبی اور شمال مشرقی ہند میں بارش، آندھی اور تیز ہوا کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کے کئی حصوں میں موسم کا مزاج تیزی سے بدل رہا ہے۔ کہیں شدید گرمی پڑ رہی ہے تو کہیں آندھی اور بارش کا دور چل رہا ہے۔ شمالی ہند کی زیادہ تر ریاستوں میں لُو کا قہر جاری ہے جبکہ جنوبی اور شمال مشرقی ہند میں بارش، آندھی اور تیز ہوا کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب-مغربی مانسون جنوبی بحیرہ عرب، مالدیپ اور کومورِن علاقے، جنوبی خلیج بنگال، انڈمان جزائر گروپ اور بحیرہ انڈمان کے باقی حصوں اور مشرقی وسطی خلیج بنگال کے کچھ حصوں کی طرف آگے بڑھ گیا ہے۔ اگلے تین چار دنوں کے دوران ان علاقوں میں مانسون کے آگے بڑھنے کے لیے حالات موافق ہیں۔ موسم سائنس داں ڈاکٹر نریش نے بتایا کہ شمال-مغربی ہند میں کچھ مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک بڑھ گیا ہے۔


دہلی میں ہفتہ کو درجہ حرارت میں کچھ کمی آئی کیونکہ یہاں کچھ حصوں میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بارش اور آندھی کی پیشن گوئی کی تھی۔ محکمہ نے اگلے پانچ دنوں میں ملک کے کئی علاقوں میں مسلسل اور گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ممبئی کے کئی حصوں میں ہفتہ کی صبح بجلی چمکنے اور گرج کے ساتھ پری-مانسون بارش ہوئی، جس سے لوگوں کو گرمی اور اُمس سے کافی راحت ملی۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج کے ساتھ چھینٹیں پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش کے وارانسی اور گورکھپور میں ہلکی بارش کے آثار ہیں۔ بہار میں پٹنہ، گیا، بھاگلپور میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ جھارکھنڈ کے رانچی اور جمشید پور میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہوا چلنے کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہماچل پردیش کے چمبا، شملہ، سرمور ضلعوں میں تیز آندھی اور بارش اور ژالہ باری کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ اتراکھنڈ کے دہرہ دون، ہری دوار میں موسم گرم رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری اور گرج کے ساتھ بارش کے آثار ہیں۔

جنوبی ہند کی ریاستوں کرناٹک، کیرالہ اور تمل ناڈو کے شہروں بنگلورو، کوچی، چنئی میں گرج-چمک کے ساتھ بارش بالخصوص کیرالہ میں شدید بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔


وہیں دوسری طرف ملک کے کئی حصوں میں شدید گرمی کا قہر جاری ہے۔ اگلے چار-پانچ دنوں تک اتر پردیش اور راجستھان کے کچھ علاقوں میں لُو چلے گی۔ راجستھان، اتر پردیش اور پنجاب میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔

راجستھان کے جئے پور، جودھپور، بیکانیر جیسے علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ گرم ہوائیں ’لُو‘ میں تبدیل ہوں گی۔ محکمہ موسمیات نے مغربی راجستھان کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ پنجاب اور ہریانہ ریاست کے امرتسر، لدھیانہ، روہتک، ہسار میں درجہ حرارت 44-43 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ یہاں رات میں ہلکی ہوا چلنے کا امکان ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کانپور، پریاگ راج اور لکھنؤ جیسے شہروں میں لُو کی حالت بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔