سیرم انسٹی ٹیوٹ نے 12 شہروں میں بھیجی ’کووی شیلڈ‘ کی پہلی کھیپ

درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے والے 3 ٹرک علی الصبح 5 بجے سے پہلے ویکسینوں کو لے کر سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے پونے ہوائی اڈے کے لئے روانہ ہوئے

کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
user

قومی آوازبیورو

پونے: کورونا وائرس کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کرتے ہوئے ملک میں 16 جنوری کو ٹیکہ کاری مہم شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے پیش نظر کووی شیلڈ ویکسین کی پہلی کھیپ منگل کی صبح سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے پونے ہوائی اڈے کے لئے روانہ کی گئی۔ پونے ہوائی اڈے سے ان ویکسینوں کو فضائی راستہ سے ہندوستان کے دیگر حصوں میں پہنچایا جائے گا۔ قومی راجدھانی دہلی میں آج صبح 10 بجے کے قریب ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کی اطلاع ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ٹیکوں کو لے جانے کے کام سے وابستہ ایک ذریعے نے بتایا کہ درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے والے تین ٹرک کووی شیلڈ ویکسین کو لے کر علی الصبح پانچ بجے سے کچھ پہلے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے پونے ہوائی اڈے کی طرف روانہ ہوئے۔ ٹرکوں میں ویکسین کے 478 باکس ہیں اور ایک باکس کا وزن 32 کلوگرام ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ سے روانہ ہوئی ویکسین کو قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر کے 12 شہروں میں بھیجا جائے گا۔


ایئر لائن اسپائس جیٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اجے سنگھ کے مطابق ویکسین کی پہلی کنسائنسمنٹ پونے سے دہلی کے لئے روانہ ہوئی ہے اور دہلی کے لئے 34 بکسوں میں ویکسین بھیجی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ویکسین کو آٹھ پروازوں کے ذریعے پونے سے روانہ کیا جائے گا۔ اس میں دو کارگو فلائٹ بھی شامل ہیں۔ پہلی کارگو فلائٹ حیدرآباد، وجے واڑا اور بھونیشور جبکہ دوسری پرواز کولکاتا اور گوہاٹی کو کور کرے گی۔ ممبئی کے لئے ویکسین سڑک کےک راستہ بھیجی جائے گی۔

حکومت ہند کی طر سے ایچ ایل ایل نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے ویکسین خریدی ہے اور آگے بھی خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ 11 جنوری کو سیرم انسٹی ٹیوٹ انڈیا کی ویکسین کووڈ شیلڈ کی 1.1 کروڑ ڈوز خریدی گئی، ساتھ ہی اپریل 2021 تک 4.5 کروڑ خوراک کی شرح سے خریدنے کا عزم کیا ہے۔ اکیلے سیرم انسٹی ٹیوٹ سے ہندوستان نے اب تک 5.5 کروڑ ویکسین خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔