جس داغی الیکشن کمیشن نے کروڑوں لوگوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹایا، اسی کو حد بندی کی ذمہ داری سونپی جا رہی: کانگریس
کانگریس صدر کھڑگے کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار خود کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ اگر انہی کی قیادت میں انتخابی حلقوں کی حد بندی ہوگی تو مزید بے ضابطگی دیکھنے کو ملے گی۔
انتخابی حلقوں کی حد بندی سے متعلق بل کو کچھ اہم تبدیلیوں کے بعد مرکزی کابینہ سے منظوری مل چکی ہے، جس کے بعد سیاسی ہلچل بہت بڑھ گئی ہے۔ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں یہ بل پیش کیا جانا ہے، لیکن انڈیا بلاک اس کے سخت خلاف دکھائی دے رہا ہے۔ آج انڈیا بلاک کی پارٹیوں نے اس سلسلے میں میٹنگ بھی کی، جس میں حد بندی بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کچھ اہم نکات سامنے رکھے اور بل سے متعلق تشویش کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جس داغی الیکشن کمیشن نے ملک کے کروڑوں لوگوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹایا ہے، اسے ہی حد بندی کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ یہ ہمیں بالکل بھی قبول نہیں ہے۔‘‘
کھڑگے کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار خود کٹہرے میں کھڑے ہیں اور انہی کی قیادت میں حد بندی ہوگی تو مزید بے ضابطگیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’جب ووٹ چوری کے لیے حکم الیکشن کمیشن سے جاتا ہے، تو حد بندی میں یہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے آسام اور جموں و کشمیر میں دیکھا ہے کہ مودی حکومت نے کس ڈھنگ سے اپنے فائدے کے لیے وہاں حد بندی کا عمل انجام دیا ہے۔ یہ لوگ صرف اقتدار پر قبضہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ ’’پہلے مودی حکومت جب حد بندی بل لے کر آئی تھی تب یہ گر گیا تھا، لیکن اس کے بعد الگ الگ پارٹیوں کو توڑا گیا تاکہ ضروری تعداد حاصل کر اقتدار پر قبضہ کیا جا سکے۔‘‘
حد بندی کے بعد بڑھنے والی سیٹوں کا ذکر کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’اگر سیٹیں بڑھا کر 850 کر دی گئیں تو ملک کو بہت بڑا نقصان ہوگا اور جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ پورا اقتدار اگر بی جے پی کے ہاتھ میں چلا گیا تو یہ لوگ آئین بھی بدل دیں گے۔ اس لیے ہم اس بل کی مضبوطی کے ساتھ مخالفت کریں گے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حد بندی بل میں ایس سی/ایس ٹی کے مفادات کو دھیان میں نہیں رکھا گیا ہے، جو ان کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ ’’نریندر مودی حد بندی بل سے ملک میں تاناشاہی لانا چاہتے ہیں۔ جس طرح چین میں سبھی لوگ ایک ساتھ حمایت میں ہاتھ اٹھاتے ہیں، ویسے ہی یہاں بھی نریندر مودی حمایت لے کر ملک میں جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’اگر ایسا ہوا تو اقتدار ہمیشہ بی جے پی-آر ایس ایس کے پاس رہے گا اور یہ منوسمرتی سے ملک کو چلائیں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
