مستقبل کی جنگوں میں مصنوعی ذہانت کا کردار مسلسل بڑھے گا: سی ڈی ایس جنرل این ایس راجا سبرامنی

سی ڈی ایس جنرل سبرامنی نے کہا کہ ’’اے آئی، سیٹلائٹس سے ملنے والی خفیہ معلومات اور بڑے پیمانے پر تیار کیے جا رہے ڈرون جدید جنگ کی صورتحال کو تیزی سے بدل رہے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>سی ڈی ایس جنرل این ایس راجا سبرامنی (ویڈیو گریب)</p></div>
i

چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنی نے مستقبل کے جنگوں کے لیے ہندوستان کی اپنی خلائی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یوکرین جنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی سیٹلائٹ مواصلاتی نظام پر انحصار فوجی مہمات کو متاثر کر سکتی ہے۔ غورطلب ہے کہ یوکرین میں اسٹارلنک خدمات متاثر ہونے کے بعد طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کا اثر کم ہو گیا تھا۔

دہلی میں منعقدہ اے این آئی کے ایک پروگرام میں جنرل راجا سبرامنی نے کہا کہ ’’جدید جنگ میں خلا کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہندوستان کو سیٹلائٹ کے ذریعہ خفیہ معلومات جمع کرنے، نگرانی، مواصلات اور درست نویگیشن کی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان نے اسپیس بیسڈ سرویلنس-3 (ایس بی ایس-3) پروگرام شروع کیا ہے۔ اس کے مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد ملک کی خلا پر مبنی نگرانی کی صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا۔‘‘


سی ڈی ایس نے کہا کہ ’’مستقبل میں خلا بھی تنازعہ کا ایک اہم میدان بن جائے گا۔ مخالف ممالک ہندوستان کو خلا پر مبنی سہولیات کے استعمال سے روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے یوکرین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب اسٹارلنک خدمات کو روگا گیا یا ان کی صلاحیت کم ہوئی تو یوکرین کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کی افادیت متاثر ہوئی۔ اس لیے ہندوستان کے لیے اپنی خلائی صلاحیتوں میں خودکفیل ہونا ضروری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس سمت میں انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی کمپنیوں کو بھی قابل اعتماد اور مضبوط صلاحیتیں پیدا کرنی ہوں گی۔

جنرل سبرامنی کا کہنا ہے کہ ’’مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیٹلائٹس سے ملنے والی خفیہ معلومات اور بڑے پیمانے پر تیار کیے جا رہے ڈرون جدید جنگ کی صورتحال کو تیزی سے بدل رہے ہیں۔ اب کسی ملک کا پورا جغرافیائی علاقہ جنگ کا میدان بن سکتا ہے اور اس میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔‘‘ ان کے مطابق مستقبل کی جنگوں میں فوجی ٹھکانوں کے ساتھ صنعتیں، مواصلاتی نیٹورک، توانائی کے مراکز اور عام شہری بھی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ سی ڈی ایس کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ہندوستان کے سیٹلائٹ مواصلات مارکیٹ میں اسٹارلنک کی ممکنہ شروعات کو لے کر بحث جاری ہے۔ جیو، ون ویب اور اسٹار لنک کو ہندوستان میں سیٹلائٹ مواصلاتی خدمات چلانے کے لیے لائسنس مل چکے ہیں۔ حالانکہ تجارتی خدمات شروع کرنے سے پہلے کمپنیوں کو مقررہ حفاظتی شرائط پوری کرنی ہوں گی۔ اسپیکٹرم کی الاٹمنٹ اور اس کی قیمت طے کرنے سے متعلق عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔


سی ڈی ایس نے ہندوستان کی دفاعی تیاریوں اور خود انحصاری کے لیے 5 اہم شعبوں کی نشاندی کی۔ ان میں خلائی صلاحیت، ایلگوردم اور ڈیٹا پر مبنی جنگ، دفاعی ساز و سامان کی تیاری، پرانے فوجی ساز سامان کی جدیدکاری اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی شامل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں مصنوعی ذہانت کا کردار مسلسل بڑھے گا۔ اس کے لیے ڈیٹا، کمپیوٹنگ کی صلاحیت، توانائی اور تربیت یافتہ افراد کی دستیابی انتہائی ضروری ہوگی۔ ان کے مطابق مسلح افواج ڈیٹا کو منظم کرنے، اس کے واضح معیارات طے کرنے اور ضروری معلومات بروقت متعلقہ افسران تک پہنچانے کے لیے نیٹورک کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہیں۔‘‘

سی ڈی ایس سبرامنی کے مطابق خود انحصاری کا مطلب ہے فیصلہ لینے کی آزادی، کارروائی کرنے کی صلاحیت اور مشکلات کو جھیلنے کی طاقت۔ خود انحصاری صرف کسی جھٹکے کو برداشت کرنے تک محدود نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے اس جھٹکے کو برداشت کرنا، اس کا تجزیہ کرنا، اس سے باہر نکلنا اور پھر سے آگے بڑھنا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’خود انحصاری کا مطلب اسٹریٹجک طور پر الگ تھلگ رہنا یا ہر چیز خود تیار کرنا نہیں ہے۔ اس کا مطلب اپنی سپلائی چین پر کنٹرول رکھنا، بھروسے مند اور مضبوط شراکت داروں کے ساتھ کام کرنا، ضروری صلاحیتوں اور تکنیکوں پر اپنا کنڑول برقرار رکھنا ہے، تاکہ ہندوستان اپنے اسٹریٹجک فیصلے خود لے سکے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔