گھنٹوں ’من کی بات‘ کرنے والے وزیر اعظم منی پور پر صرف 36 سیکنڈ تک بولے، ستیہ پال ملک کا مودی پر نشانہ

ستیہ پال ملک نے کہا ’’وزیر اعظم جو ہر ماہ گھنٹوں من کی بات کرتے تھے، آج جلتے ہوئے منی پور پر صرف 36 سیکنڈ بولے۔ اگر یہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آئی تو پورے ملک میں فساد برپا کر دے گی۔‘‘

ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس
ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ اس بار وہ منی پور تشدد کے تحت کوکی خواتین کی برہنہ پریڈ کرنے کے واقعہ کے بعد اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں آئے ہیں۔ کبھی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے قریب رہنے والے ستیہ پال ملک نے اپنے تازہ بیان میں پی ایم مودی کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’من کی بات‘ سمیت دیگر مسائل پر گھنٹوں بات کرنے والے پی ایم مودی نے منی پور میں پیش آنے والے غیر انسانی اور شرمناک واقعہ کے بارے میں صرف 36 سیکنڈ تک بات کی۔ ان کا چند سیکنڈ کا بیان سب کو حیران کرنے والا ہے۔ ملک نے ٹوئٹ کیا ’’وزیر اعظم جو ہر مہینے گھنٹوں من کی بات کرتے تھے، آج جلتے ہوئے منی پور پر صرف 36 سیکنڈ بولے۔ ایسا کیوں؟ بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دینے والی حکومت کے دور میں بیٹیوں کی کھلے عام برہنہ پریڈ ہو رہی ہے۔ منی پور میں خواتین پر کی جا رہی بربریت قابل مذمت ہے۔‘‘


اس سے قبل 20 جولائی کو ستیہ پال ملک نے منی پور تشدد کو شرمناک قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو دل ہلا دینے والی ہے۔ منی پور واقعہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوکرین روس جنگ کو روکنے والے آج اپنے ہی ملک میں 60 دنوں سے جل رہے منی پور کو کیوں نہیں بچا رہے۔ اگر یہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آئی تو پورے ملک میں اسی طرح کے فسادات برپا کر دے گی۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے عین قبل جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور تشدد پر پہلی بار کہا کہ میرا دل درد اور غصے سے بھرا ہوا ہے۔ منی پور کا واقعہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے اچھا نہیں ہے۔ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ منی پور میں پیش آنے والے واقعہ سے دکھ ہوا ہے۔ ماؤں بہنوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کتنے ہیں، کون ہیں، وہ اپنی جگہ لیکن توہین کی وجہ سے 140 کروڑ ملک کے باشندے شرمندہ ہو رہے ہیں۔


ملک کے تمام وزرائے اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے پی ایم نے کہا کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں امن و امان کو مزید مضبوط بنائیں۔ ماؤں بہنوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کریں۔ واقعہ چاہے راجستھان کا ہو یا چھتیس گڑھ کا یا منی پور کا، اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ ان معاملات میں سیاسی تنازعات سے اوپر اٹھ کر خواتین کی عزت کو بحال کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔