کورونا ویکسین کی قیمت سے اٹھ گیا پردہ، ادار پوناوالا نے بتائی تفصیل

ادار پوناوالا کا کہنا ہے کہ ویکسین کی ایک خوراک حکومت ہند کو 200 سے 300 روپے تک میں دستیاب کرائی جائے گی۔ نجی بازار میں جب یہ ویکسین آئے گی تو اس کی قیمت 1000 روپے فی خوراک تک ہوگی۔

کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
user

تنویر

ہندوستان میں دو کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کو منظوری مل گئی ہے اور اب امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی ویکسین بازار میں بھی دستیاب ہوگی۔ اس درمیان لوگوں کے ذہن میں کئی بار یہ سوال اٹھے کہ آخر کورونا ویکسین کی قیمت ہوگی۔ اس سلسلے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے سی ای او ادار پونا والا نے تفصیل بیان کی ہے جس میں بتایا ہے کہ ویکسین کی ایک خوراک حکومت ہند کو 200 روپے سے 300 روپے تک میں دستیاب کرائی جائے گی۔ لیکن نجی بازار میں جب یہ ویکسین آئے گی تو اس کی قیمت 1000 روپے فی خوراک تک ہوگی۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ ایسٹراجنیکا-آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین مینوفیکچرنگ کی ذمہ داری سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے سنبھالی ہوئی ہے اور اس ویکسین کا نام ’کووی شیلڈ‘ ہے۔ اسی ویکسین کی قیمت کے تعلق سے ادار پوناوالا کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہم جو کچھ بھی حکومت کو دیں گے، وہ اسے ہندوستانی عوام کو مفت میں مہیا کرنے جا رہی ہے، اور جب ہم بعد میں اسے نجی بازار میں فروخت کریں گے تو اس کی ایک خوراک کی قیمت 1000 روپے ہوگی۔ ہر فرد کو دو خوراک لینی ہوں گی، اس طرح اس کی قیمت ایک فرد کے لیے 2000 روپے ہوگی۔


سیرم انسٹی ٹیوٹ افسر ادار پوناوالا نے ’کووی شیلڈ‘ کی تیار خوراک کے تعلق سے بھی جانکاری میڈیا کو دی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی ویکسین مینوفیکچرنگ کمپنی ایس آئی آئی کے پاس ویکسین کی خوراک تیار کرنے کا لائسنس ہے اور وہ پہلے ہی تقریباً 50 ملین خوراک بنا چکی ہے۔ خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کو انھوں نے بتایا کہ ’کووی شیلڈ‘ کو پہلے مرحلہ میں حکومت ہند اور جی اے وی آئی ممالک (ویکسین ور ٹیکہ کاری کے لیے عالمی اتحاد) کو فروخت کرنا شروع کرے گی، اس کے بعد یہ ویکسین نجی بازار میں آئے گی۔

پوناوالا کے مطابق کمپنی چاہتی ہے کہ ویکسین سبھی کے لیے سستی اور آسان پہنچ والی ہو۔ حکومت ہند اسے 200 سے 300 روپے کی کفایتی قیمت پر حاصل کرے گی، کیونکہ حکومت اسے بڑی تعداد میں خریدے گی اور اسی لیے انھیں سستی دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی میڈیسن ریگولیٹری ڈی سی جی آئی نے اتوار کو ملک میں ایمرجنسی استعمال کے لیے ’کووی شیلڈ‘ اور بھارت بایوٹیک کے ذریعہ تیار کردہ ’کوویکسین‘ کو منظوری دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔