’کرناٹک میں وزیر اعلیٰ عہدہ 2500 کروڑ روپے میں فروخت ہو رہا‘

کانگریس لیڈر ہری پرساد نے کسی کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ ’’کرناٹک میں وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے بہت سارے امیدوار ہیں، اور اس میں بڑی رقم شامل ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ کرناٹک بی ایس بومئی / آئی اے این ایس
وزیر اعلیٰ کرناٹک بی ایس بومئی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کی بی جے پی حکومت میں اس وقت ایک ہلچل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کئی بار وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو ہٹائے جانے کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ ایسے میں کانگریس لگاتار ریاست کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کانگریس لیڈر بی کے ہری پرساد نے بھی بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی پر ایک انتہائی سنگین الزام بھی عائد کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ریاست میں وزیر اعلیٰ عہدہ بہت مہنگا ہے۔ وزیر اعلیٰ عہدہ 2500 کروڑ روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ قیمت انھیں کسی اور نے نہیں بلکہ بی جے پی کے ہی ایک لیڈر نے بتائی ہے۔

کانگریس لیڈر ہری پرساد نے کسی کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ ’’کرناٹک میں وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے بہت سارے امیدوار ہیں، اور اس میں بڑی رقم شامل ہے۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق کسی کو یہ عہدہ چاہیے تو اسے 2500 کروڑ روپے خرچ کرنے ہوں گے۔‘‘ بسوراج بومئی کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹائے جانے کی قیاس آرائیاں تو ایک ماہ سے زیادہ وقت سے ہو رہی ہیں، لیکن یہ پہلی بار ہے جب کسی نے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے رقم طے کیے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔


ہری پرساد کے اس بیان کو بومئی کابینہ میں وزیر پربھو چوہان نے مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ افواہوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ کانگریس کے پاس کام نہیں ہے، بولنے کے لیے کچھ ہے نہیں اس لیے ایسی باتیں ہو رہی ہیں۔ انھیں صرف ایسی باتیں کرنی ہیں جس سے وہ سرخیاں بٹور سکیں۔‘‘ پربھو چوہان نے مزید کہا کہ ’’میں اس بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ یہ صرف ایک جھوٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ کا عہدہ فروخت کے لیے نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔